سعودی عرب پاکستانی آئی ٹی اور اے آئی ٹیلنٹ سے فائدہ اٹھانے کا خواہاں، وزیرِ معیشت کا اعتراف

image

پاکستان کے وفاقی وزیرِ خزانہ و محصولات سینیٹر محمد اورنگزیب نے العلاء کانفرنس 2026 برائے ابھرتی معیشتوں کے موقع پر سعودی عرب کے وزیرِ معیشت و منصوبہ بندی، فیصل بن فاضل الابراہیم سے اہم ملاقات کی۔

ملاقات کے دوران پاکستان میں سعودی سرمایہ کاری سے متعلق امور اور دوطرفہ اقتصادی تعاون پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔ سعودی وزیر نے پاکستانی مصنوعی ذہانت (AI) اور ٹیکنالوجی کے ماہرین کی صلاحیتوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان دنیا کے ٹاپ ایک یا دو ممالک میں شامل ہے جہاں اعلیٰ معیار کا ٹیک ٹیلنٹ تیار ہو رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ سعودی عرب اپنے جاری تکنیکی اور ڈیجیٹل انقلاب میں پاکستانی ٹیکنالوجی ماہرین کی خدمات حاصل کرنے کا خواہاں ہے۔ اس موقع پر انہوں نے معروف امریکی بزنس لیڈر اور گوگل کے سابق سی ای او ایرک شمٹ کا حوالہ بھی دیا، جنہوں نے پاکستانی ٹیک پروفیشنلز کی صلاحیتوں کا اعتراف کیا ہے۔

وزیرِ خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب نے بتایا کہ پاکستان سعودی عرب سمیت اہم عالمی منڈیوں کے لیے معیاری انسانی وسائل کی ایک منظم سپلائی لائن تشکیل دینے کا منصوبہ بنا رہا ہے، جس سے دونوں ممالک کو معاشی فوائد حاصل ہوں گے۔

سعودی وزیر نے جی سی سی فری ٹریڈ ایگریمنٹ میں پیش رفت کا بھی ذکر کیا اور پاکستان کے ساتھ تجارت اور باہمی تبادلوں میں اضافے کو ترجیح دینے پر زور دیا۔

وزیرِ خزانہ نے یقین دہانی کرائی کہ پاکستانی ٹیمیں سعودی عرب کی جانب سے پاکستان میں سرمایہ کاری کے وعدوں کو حتمی شکل دینے کے لیے بھرپور انداز میں کام کر رہی ہیں۔

انہوں نے سعودی حکومت کی جانب سے ابھرتی معیشتوں کے لیے اس اہم اور بروقت کانفرنس کے انعقاد پر شکریہ ادا کیا اور پاکستان کی معیشت کے لیے سعودی عرب کی مسلسل حمایت کو سراہا۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US