حکومتِ پنجاب نے ماہ رمضان المبارک کے دوران صوبہ بھر کے تعلیمی اداروں کے اوقات کار میں تبدیلی کا اعلان کردیا ہے۔
اسکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ پنجاب کی جانب سے 16 فروری کو جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق رمضان کے دوران تمام سرکاری اور نجی اسکول نئے اوقات کے تحت کام کریں گے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق سنگل شفٹ اسکول پیر سے جمعرات تک صبح 8:30 بجے سے دوپہر 1:00 بجے تک کھلے رہیں گے، جبکہ جمعہ کے روز اسکول 12:30 بجے بند کر دیے جائیں گے۔
ڈبل شفٹ اسکولوں میں صبح کی شفٹ پیر سے جمعرات تک صبح 8:30 بجے سے دوپہر 12:30 بجے تک ہوگی، جبکہ دوسری شفٹ دوپہر 1:00 بجے سے شام 4:00 بجے تک جاری رہے گی۔ جمعہ کے روز دوسری شفٹ دوپہر 2:30 بجے سے شام 5:00 بجے تک ہوگی۔
نوٹیفکیشن میں مزید کہا گیا ہے کہ طالبات کے اسکول مقررہ وقت سے 15 منٹ پہلے کھلیں گے اور 15 منٹ پہلے ہی بند ہو جائیں گے۔
یہ نئے اوقات کار رمضان المبارک کے دوران روزہ رکھنے والے طلبہ اور اساتذہ کی سہولت کو مدنظر رکھتے ہوئے نافذ کیے گئے ہیں۔