نادرا کی پہلی بَگ باؤنٹی چیلنج 2026 کی اختتامی تقریب، طلبہ اور ماہرین کی شرکت

image

نیشنل ڈیٹابیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) کے پہلے ’’بَگ باؤنٹی چیلنج 2026‘‘ کی اختتامی تقریب نادرا ہیڈ کوارٹرز اسلام آباد میں منعقد ہوئی، جس میں ملک بھر کی جامعات سے تعلق رکھنے والے طلبہ اور ماہرین نے شرکت کی۔

نادرا کے مطابق اس مقابلے کا آغاز جنوری 2026 میں کیا گیا تھا، جس کا مقصد سائبر سیکیورٹی کی کمزوریوں کی نشاندہی اور پاکستان کے ڈیجیٹل شناختی نظام کو مزید محفوظ بنانا تھا۔ یہ مقابلے ’’اڑان پاکستان‘‘ پروگرام کے تحت ہائیر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی)، پاکستان ڈیجیٹل اتھارٹی اور نیشنل سائبر ایمرجنسی رسپانس ٹیم آف پاکستان (پی کے سرٹ) کے تعاون سے منعقد کیے گئے۔

علاقائی سطح پر ہونے والے مقابلوں میں ملک بھر سے 27 ٹیموں پر مشتمل 88 طلبہ اور ماہرین نے حصہ لیا۔ یہ مقابلے مختلف جامعات میں منعقد ہوئے جن میں غلام اسحاق خان انسٹی ٹیوٹ آف انجینئرنگ سائنسز اینڈ ٹیکنالوجی، نیشنل یونیورسٹی آف سائنسز اینڈ ٹیکنالوجی، یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی لاہور اور این ای ڈی یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی سمیت دیگر ادارے شامل تھے۔

اختتامی تقریب میں نمایاں کارکردگی دکھانے والی ٹیموں کو اعزازات سے نوازا گیا۔ یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی لاہور (فیصل آباد کیمپس) نے پہلی جبکہ پاک آسٹریا فاخشولے انسٹی ٹیوٹ نے دوسری پوزیشن حاصل کی۔ علاوہ ازیں مہران یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی اور بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی اسلام آباد کی ٹیموں کو حوصلہ افزائی کے انعامات دیے گئے۔

نادرا کے چیف انفارمیشن سیکیورٹی آفیسر ڈاکٹر مونس اخلاق نے کہا کہ بگ باؤنٹی چیلنج کا مقصد نوجوانوں کی سائبر سیکیورٹی صلاحیتوں کو فروغ دینا اور انہیں پاکستان کے ڈیجیٹل مستقبل کے تحفظ میں کردار ادا کرنے کا موقع فراہم کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایسے اقدامات سے نہ صرف طلبہ کی پیشہ ورانہ صلاحیتیں بہتر ہوتی ہیں بلکہ قومی ڈیجیٹل نظام بھی مزید محفوظ بنتا ہے۔


Click here for Online Academic Results

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US