وزیر داخلہ سندھ ضیا الحسن لنجار نے ماہِ صیام 2026 کے تینوں عشروں میں فول پروف سیکیورٹی یقینی بنانے کی ہدایت کردی۔
وزیر داخلہ سندھ نے کہا ہے کہ مساجد، امام بارگاہوں، مزارات، درگاہوں اور تراویح اجتماعات کی خصوصی نگرانی کی جائے، افطار و سحر کے اوقات میں حساس مقامات پر اضافی نفری تعینات کی جائے۔
انھوں نے کہا کہ بڑے تجارتی مراکز، بازاروں اور شاپنگ مالز میں مؤثر سیکیورٹی پلان مرتب کیا جائے۔ اسنیپ چیکنگ، موبائل گشت اور انٹیلی جنس بیسڈ کارروائیوں میں مزید تیزی لائی جائے۔ کمانڈ اینڈ کنٹرول مانیٹرنگ کے ذریعے سی سی ٹی وی نگرانی مؤثر بنائی جائے۔
وزیر داخلہ سندھ نے کہا کہ مساجد و مذہبی اجتماعات کے اطراف واک تھرو گیٹس اور جامع تلاشی نظام یقینی بنایا جائے۔ فرقہ وارانہ ہم آہنگی اور امن و امان کے قیام کے لیے علمائے کرام سے رابطہ مضبوط کیا جائے۔
انھوں نے کہا کہ مارکیٹس اور کاروباری مراکز میں رش کے پیش نظر ٹریفک مینجمنٹ پلان پر سختی سے عملدرآمد کیا جائے، افطار پوائنٹس اور دسترخوانوں کی سیکیورٹی کے لیے مقامی پولیس اور رضاکاروں کے ساتھ کوآرڈینیشن یقینی بنایا جائے۔ خواتین اور فیملیز کی سہولت کے لیے خصوصی گشت اور ہیلپ ڈیسک کا قیام عمل میں لایا جائے۔
ایمرجنسی رسپانس یونٹس اور ایمبولینس سروس کو الرٹ رکھا جائے۔ افطار سے قبل اور بعد اہم شاہراہوں پر ٹریفک پولیس کی اضافی نفری، پارکنگ کے متبادل انتظامات کے ساتھ غیرقانونی پارکنگ کے خلاف کارروائی کی جائے۔ شہریوں کو پیشگی ٹریفک ایڈوائزری سے آگاہ رکھا جائے۔
ان کا کہنا تھا کہ ماہِ صیام کے بابرکت مہینے میں عوام کے جان و مال کا تحفظ اولین ترجیح ہے، اور کسی بھی غفلت یا کوتاہی کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔پولیس، رینجرز اور متعلقہ اداروں کے باہمی اشتراک سے مربوط اور مؤثر سیکیورٹی و ٹریفک انتظامات یقینی بنائے جائیں۔