کراچی میں ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای کی شہادت کے بعد شدید احتجاج سامنے آیا۔ مظاہرین نے امریکی قونصل خانے کے قریب سڑکوں پر آ کر احتجاج کیا۔ پولیس نے مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے شیلنگ کی۔
رپورٹس کے مطابق، مظاہرین نے سلطان آباد سے مائی کولاچی آنے اور جانے والی دونوں سڑکیں بند کر دیں۔ مظاہرین امریکی قونصل خانے کے احاطے میں داخل ہوئے اور قونصل خانے میں توڑ پھوڑ کی، اس دوران جھڑپوں میں 9 افراد جاں بحق ہوگئے۔
پولیس کے مطابق مظاہرین کی جانب سے امریکی قونصل خانے پر پتھراؤ کیا گیا جس پر پولیس اور رینجرز نے کارروائی کرتے ہوئے شیلنگ کی اور مظاہرین کو پیچھے دھکیل دیا۔
ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ امریکن قونصل خانے کے قریب جھڑپوں میں اب تک 9 افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔
سول اسپتال حکام کے مطابق ٹراما سینٹر میں 8 لاشیں لائی گئی ہیں جبکہ 18زخمی بھی اسپتال لائے گئے، جو فائرنگ، لاٹھی چارج اور دھکم پیل میں زخمی ہوئے ہیں جن میں سے ایک زخمی توڑ گیا۔
مشتعل مظاہرین نے سلطان آباد ٹریفک سیکشن کو آگ لگا دی۔
ٹریفک پولیس کے مطابق احتجاج کے باعث سلطان آباد سے مائی کولاچی کی جانب جانے والی سڑک بند کردی گئی ہے جبکہ اطراف کی سڑکوں پر بھی ٹریفک کی آمد و رفت معطل ہے۔
ٹریفک حکام کے مطابق جناح برج سے آنے والی ٹریفک کو آئی آئی چندریگر روڈ کی جانب موڑا جا رہا ہے۔ اسی طرح بوٹ بیسن سے آنے والی گاڑیوں کو مائی کولاچی پھاٹک سے یوٹرن کروایا جا رہا ہے جبکہ پی آئی ڈی سی سے آنے والی ٹریفک کو پارک کٹ سے واپس بھیجا جا رہا ہے۔