پنجاب میں دہشت گردی کے خدشات کے پیش نظر تعلیمی اداروں کی سیکیورٹی سے متعلق جامع رپورٹ تیار کرلی گئی۔
رپورٹ وزیراعلیٰ پنجاب کو پیش کی گئی ہے جس میں صوبے بھر کے اسکولوں، کالجز اور جامعات میں کیے گئے سیکیورٹی اقدامات کی تفصیلات شامل ہیں۔
رپورٹ کے مطابق اساتذہ کی حفاظت کے لیے 1 لاکھ 45 ہزار 902 اساتذہ کے موبائل فونز میں پبلک سیفٹی ایپ انسٹال کی گئی ہے جس میں ہنگامی صورتحال کے لیے پینک بٹن بھی موجود ہے۔
دستاویز کے مطابق سیکیورٹی ضروریات کے تحت 73 جامعات، 74 کالجز اور 33 ہزار 700 سے زائد اسکولوں کی درجہ بندی کی گئی ہے جبکہ پولیس اور کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے مشترکہ مشقیں بھی کی جا رہی ہیں۔
رپورٹ میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ تعلیمی اداروں میں باؤنڈری والز، خاردار تاریں اور سی سی ٹی وی کیمرے نصب کیے جا رہے ہیں تاکہ سیکیورٹی کو مزید مؤثر بنایا جاسکے۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی ہے کہ تعلیمی اداروں کی سیکیورٹی مزید سخت کی جائے اور تمام اداروں میں اسٹینڈرڈ آپریٹنگ پروسیجرز پر مکمل عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔