وفاقی وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک نے پیٹرول اور ڈیزل کی فی لیٹر قیمت میں بڑے اضافے کا اعلان کردیا ہے۔
نائب وزیراعظم سینیٹر اسحاق ڈار اور وفاقی وزیر خزانہ کے ہمراہ میڈیا بریفنگ میں علی پرویز ملک نے پیٹرول اور ڈیزل کی فی لیٹر قیمت میں 55، 55 روپے کے اضافے کا اعلان کیا ہے۔
اضافے کے بعد پیٹرل کی نئی قیمت 321 روپے 17 پیسے اور ڈیزل کی نئی قیمت 335 روپے 86 پیسے فی لیٹر مقرر کی گئی ہے، قیمتوں کا اطلاق آج رات 12 بجے سے ہوگیا۔
نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کا کہنا تھاکہ خطے میں جنگ کی صورتحال ہے، پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں آسمان کو چھورہی ہیں، انہوں نے کہا کہ ہم نے دوسرے ملکوں کے وزرائے خارجہ سے رابطے کیے، پاکستان کی بھرپور کوشش ہے کہ ساتھیوں کو ساتھ ملا کر کشیدگی کم کرائی جائے۔
کشیدگی کو کم کرنے میں کتنی دیر لگے گی دیکھنا ہے، وزیراعظم اور فیلڈ مارشل بھی دوسرے ممالک سے اپنے ہم منصبوں سے رابطے میں ہیں۔
وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک کا کہنا تھاکہ کوئی شک نہیں کہ ہم غیر معمولی حالات سے گزر رہے ہیں، پڑوس میں شروع ہونے والی صورتحال نے پورے خطے کو لپیٹ میں لے لیا ہے، ہم نے صورتحال کے مطابق اپنے ذخائر کو بڑھا لیا تھا اور ہماری کوشش ہےکہ بطور ریاست اس کام کو حکمت کے تحت آگے لے کر چلیں۔
انہوں نے اعلان کیا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کا مشکل فیصلہ کیا ہے جیسے ہی معاملات بہتر ہوں گے اسی پھرتی کے ساتھ قیمتیں کم کریں گے اور ہم ہفتہ وار پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کا جائزہ لیں گے۔