پی ایس ایل میں آخری وقت پر کھلاڑیوں کے دستبردار ہونے پر پی سی بی کا سخت موقف

image

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے حکام اس بات پر غور کر رہے ہیں کہ اس سال ہونے والی انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کی آئندہ میٹنگ میں دیگر بورڈ ممبران پر زور دیا جائے کہ کھلاڑیوں کے لیے یکسا پالیسی وضع کی جائے تاکہ وہ کسی لیگ میں کنٹریکٹ سائن کرنے کے بعد اس کے خلاف ورزی نہ کر سکیں۔

پی سی بی میں ایک باخبر ذرائع نے بتایا کہ بورڈ کو کچھ غیر ملکی کھلاڑیوں کی حرکت پر شدید مایوسی ہوئی ہے جنہوں نے پہلے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے گیارویں ایڈیشن کے لیے کنٹریکٹ سائن کیا اور آخری وقت میں زیادہ پیسوں کے لیے کسی بہانے سے انڈین لیگ کے فرنچائزز سے نئے معاہدے کر لیے۔

ذرائع کے مطابق پی سی بی ایسے کھلاڑیوں پر کچھ عرصے کے لیے پی ایس ایل میں کھیلنے کی پابندی لگانے پر بھی غور کر رہا ہے مگر اس کے نتیجے میں فرنچائزز کو بھی نقصان ہو سکتا ہے کیونکہ آئندہ ایڈیشنز کے لیے کھلاڑیوں کا انتخاب محدود ہو جائے گا۔

پی سی بی کی حکمت عملی کے تحت آئی سی سی میں دیگر بورڈ ممبران کے ساتھ بات چیت کر کے اس معاملے کا حل تلاش کرنے کی کوشش کی جائے گی۔ اب تک پی ایس ایل میں معاہدے کرنے کے بعد تقریباً آٹھ سے نو غیر ملکی کھلاڑی مختلف بہانوں سے لیگ میں کھیلنے سے دستبردار ہو چکے ہیں جس سے فرنچائزز کو نقصان ہوا ہے۔

ذرائع نے یہ بھی بتایا کہ کچھ غیر ملکی کھلاڑی آخری وقت پر پی ایس ایل میں اپنی فرنچائزز سے اضافی رقم کی بھی درخواست کر چکے ہیں یہ کہہ کر کہ خطے کے حالات کی وجہ سے ان کا کھیلنا مشکل ہے۔

پی سی بی جلد اپنی حکمت عملی کو حتمی شکل دے گا اور اس کے بعد دیگر بورڈز کے ساتھ مل کر تمام لیگز کے لیے ایک کوڈ آف کنڈکٹ ترتیب دینے کا امکان ہے جس کی خلاف ورزی کرنے والے کھلاڑی مالی یا قانونی مشکلات کا سامنا کریں گے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US