اینٹی نارکوٹکس فورس نے ملک کے مختلف شہروں میں منشیات اسمگلنگ کے خلاف کارروائیاں کرتے ہوئے خاتون سمیت 6 ملزمان کو گرفتار کرلیا۔
ترجمان اے این ایف کے مطابق ملک بھر میں مجموعی طور پر 5 کارروائیاں کی گئیں، جن میں 19 لاکھ روپے سے زائد مالیت کی 16.28 کلوگرام منشیات برآمد کی گئی۔
حیدرآباد میں شاپنگ مال کے قریب کارروائی کے دوران ایک خاتون کے قبضے سے 12 کلوگرام چرس برآمد کر کے اسے گرفتار کرلیا گیا۔
اسلام آباد ایئرپورٹ پر ابوظہبی جانے والے مسافر کے جوتوں سے 600 گرام چرس برآمد ہوئی، جبکہ اسلام آباد ٹول پلازہ کے قریب دو مختلف کارروائیوں میں ایک گاڑی سے 2.4 کلوگرام چرس اور دوسری گاڑی سے 750 گرام آئس برآمد کر کے ملزمان کو گرفتار کیا گیا۔
اسی طرح لاہور ملتان روڈ پر سٹیشن کے قریب کارروائی میں گاڑی سے 530 گرام وزنی 92 آئس سے بھرے کیپسولز برآمد کر کے 2 ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا۔
اے این ایف حکام کے مطابق تمام ملزمان کے خلاف انسداد منشیات ایکٹ 1997 کے تحت مقدمات درج کر کے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔