کراچی کے علاقے حیدری مارکیٹ میں گارمنٹ شاپ کے مینیجر کی ہلاکت کا واقعہ نیا رخ اختیار کرگیا ہے، جہاں سی سی ٹی وی فوٹیج نے فائرنگ کے اس واقعے کو قتل کے بجائے خودکشی ثابت کردیا ہے۔
سی سی ٹی وی فوٹیج کے مطابق، دکان کا مینیجر رانا ثاقب صبح دکان میں داخل ہوکر سیدھا کاؤنٹر پر گیا، اس وقت دکان کا سیکیورٹی گارڈ بھی ابھی ڈیوٹی پر نہیں پہنچا تھا۔
فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ رانا ثاقب نے پہلے ڈسٹ بن میں گٹکا تھوکا اور پھر مرکزی کاؤنٹر کے اوپر رکھی پستول اٹھا لی۔ مینیجر نے تقریباً چار سیکنڈ تک پستول کو دیکھا اور پھر اسے آٹھ سیکنڈ تک اپنی کنپٹی پر رکھ کر سوچتا رہا۔
فوٹیج میں واضح ہے کہ رانا ثاقب نے کم از کم پانچ مرتبہ ٹرگر دبانے کی کوشش کی جس کے بعد اچانک گولی چل گئی اور وہ کاؤنٹر کے ساتھ ہی فرش پر گر پڑا۔
فنی مشاہدے کے مطابق گولی چلانے سے پہلے پستول کو چیمبر نہیں کیا گیا تھا، جس سے اندازہ لگایا گیا ہے کہ گولی پہلے سے چیمبر میں موجود تھی۔ تاہم، گھوڑا (Hammer) پیچھے نہ کھنچے ہونے کی وجہ سے مینیجر کو ٹرگر دبانے میں شدید دشواری کا سامنا کرنا پڑا۔
پولیس نے جائے وقوعہ سے پستول قبضے میں لے کر واقعے کی مزید تفتیش شروع کر دی ہے۔