عید کے تیسرے روز کراچی کے علاقے کورنگی روڈ، اختر کالونی سگنل پر پیش آئے المناک ٹریفک حادثے کی سی سی ٹی وی فوٹیج ہماری ویب نے حاصل کرلی۔ جس میں دو نوجوان، زبیر اور زوہیب جاں بحق ہوگئے تھے۔
سی سی ٹی وی فوٹیج کے مطابق سڑک کے بائیں جانب ایک 10 وہیلر واٹر ٹینکر اور ایک سوزوکی پک اپ غیر قانونی طور پر پارک تھے۔ اسی دوران موٹر سائیکل پر سوار دونوں نوجوان عقب سے وہاں پہنچے، تاہم جیسے ہی ان کی موٹر سائیکل واٹر ٹینکر کے قریب پہنچی، پارک کی گئی سوزوکی کے ڈرائیور نے اچانک دروازہ کھول دیا۔
نوجوان دروازے سے ٹکرا کر توازن برقرار نہ رکھ سکے اور برابر میں موجود واٹر ٹینکر کے ٹائروں تلے آکر کچلے گئے۔ حادثہ ہوتے ہی واٹر ٹینکر کا ڈرائیور موقع پر رک گیا، تاہم حادثے کا ذمہ دار سوزوکی ڈرائیور بوکھلاہٹ میں گاڑی سمیت موقع سے فرار ہوگیا۔
پولیس کی خصوصی ٹیم کے مطابق یہ حادثہ غلط پارکنگ اور سوزوکی ڈرائیور کی غفلت کے باعث پیش آیا، جبکہ پولیس کا یہ بھی کہنا ہے کہ نوجوانوں نے غلط جگہ سے اوورٹیک کرنے کی کوشش کی اور انہوں نے ہیلمٹ بھی نہیں پہن رکھے تھے۔
اس کے علاوہ جس واٹر ٹینکر سے حادثہ پیش آیا، اس میں حفاظتی 'انڈر رن' بھی نصب نہیں تھے۔ پولیس نے واقعے کا مقدمہ درج کر کے کارروائی کا آغاز کر دیا ہے۔