آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2028 کے لیے میزبان شہروں کے انتخاب کا عمل شروع کر دیا گیا ہے جس کے تحت آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ نے مختلف ریاستوں اور شہروں کو باضابطہ طور پر شرکت کی دعوت دے دی ہے۔
ایونٹ کے لیے مجوزہ وینیوز کی جانچ پڑتال کے بعد دس شہروں کا حتمی اعلان رواں سال کے آخر میں کیا جائے گا جبکہ میگا ایونٹ اکتوبر اور نومبر 2028 میں آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ میں مشترکہ طور پر منعقد ہوگا۔
ٹورنامنٹ میں 20 ٹیمیں حصہ لیں گی اور مجموعی طور پر 55 میچز کھیلے جائیں گے جو شائقین کرکٹ کے لیے ایک بڑا عالمی ایونٹ ہوگا۔
ایونٹ کے چیف ایگزیکٹو جوئل موریسن کا کہنا ہے کہ یہ ورلڈ کپ دنیا بھر کے لوگوں کو جوڑنے کا سبب بنے گا۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ میگا ایونٹ کی کامیابی کے لیے حکومتوں، کمرشل اور براڈکاسٹ پارٹنرز سمیت مقامی کمیونٹیز کے درمیان مضبوط شراکت داری ناگزیر ہے۔