وفاقی حکومت نے کہا ہے کہ اپریل کے لیے پیٹرولیم مصنوعات کی درآمدات یقینی بنا دی گئی ہیں اور ملک بھر میں ایندھن کی فراہمی مکمل طور پر مستحکم ہے۔
یہ بات وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کی زیر صدارت پیٹرولیم قیمتوں کی نگرانی سے متعلق کابینہ کمیٹی کے اجلاس میں بتائی گئی، جس میں مشرقِ وسطیٰ کی کشیدہ صورتحال اور عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں کے رجحانات کے تناظر میں پاکستان کی توانائی سپلائی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔
اجلاس کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ ملک میں پیٹرول اور ڈیزل کے ذخائر تسلی بخش سطح پر موجود ہیں جبکہ سپلائی چین مکمل طور پر مستحکم ہے۔حکام کے مطابق اپریل کے لیے پیٹرولیم درآمدات کے انتظامات مکمل کرلیے گئے ہیں، جبکہ مقامی ریفائنریز معمول کے مطابق پیداوار جاری رکھے ہوئے ہیں۔
بریفنگ میں مزید بتایا گیا کہ حکومت عالمی تیل قیمتوں پر مسلسل نظر رکھے ہوئے ہے اور بین الاقوامی و مقامی قیمتوں کے فرق کا بھی جائزہ لیا جا رہا ہے۔
اجلاس کو آگاہ کیا گیا کہ توانائی سپلائی میں کسی ممکنہ تعطل سے بچنے کے لیے پیشگی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ حکام نے بتایا کہ حکومت سعودی عرب سمیت دوست ممالک کے ساتھ قریبی تعاون میں ہے تاکہ تیل کی مسلسل اور بلا تعطل فراہمی کو یقینی بنایا جا سکے۔
اس موقع پر محمد اورنگزیب نے حکومت کے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی بلا تعطل دستیابی ہر صورت یقینی بنائی جائے گی، جبکہ توانائی کا تحفظ اور مارکیٹ میں استحکام حکومت کی اولین ترجیحات ہیں۔