لاہور میں پاکستان سپر لیگ کے گیارہویں سیزن کے آغاز سے قبل تمام ٹیموں کے کپتانوں نے مشترکہ پریس کانفرنس کی۔
لاہور قلندرز کے کپتان شاہین شاہ آفریدی نے کہا کہ اس بار بھی ہماری کوشش ٹائٹل کا دفاع کرنے کی ہوگی، ٹیم کی تیاری اچھی ہے اور اسلام آباد میں بھی خصوصی کیمپ لگایا گیا تھا۔ انہوں نے پی ایس ایل کے دس سال مکمل ہونے کو پی سی بی اور کھلاڑیوں کے لیے بڑی کامیابی قرار دیتے ہوئے امید ظاہر کی کہ اگلے دس سال بھی بہترین ہوں گے۔
پشاور زلمی کے کپتان بابر اعظم کا کہنا تھا کہ اس بار شائقین کی کمی محسوس ہوگی، تاہم ہم اچھی کرکٹ کھیل کر لوگوں کو محظوظ کرنے کی کوشش کریں گے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ جب تک پلان کو میدان میں صحیح طریقے سے ایگزیکیوٹ نہ کیا جائے، اچھی ٹیم کا فائدہ نہیں ہوتا۔
راولپنڈیز کے کپتان محمد رضوان نے گزشتہ دس سال میں پی ایس ایل کے معیار کو سراہا، تاہم انہوں نے تشویش کا اظہار کیا کہ پاکستان ٹیم کا کمبینیشن درست نہ ہونے کی وجہ سے پرفارمنس متاثر ہو رہی ہے۔
کراچی کنگز کے کپتان ڈیوڈ وارنر نے کہا کہ وہ کرکٹ کے لیے مکمل فٹ ہیں اور اپنی فٹنس کا خاص خیال رکھتے ہیں، ان کی ٹیم میں اچھے کھلاڑی موجود ہیں اور وہ گزشتہ سال سے بھی بہتر پرفارم کرنے کی کوشش کریں گے۔
حیدرآباد کنگز کے کپتان مارنس لبوشین نے بتایا کہ انہوں نے کھلاڑیوں کو اپنے فطری انداز میں کھیلنے کی ہدایت کی ہے، وہ نئے منیجمنٹ اور اونرز کے ساتھ مل کر بہترین نتائج دینے کے لیے پرامید ہیں۔
ملتان سلطانز کے کپتان ایشٹن ٹرنر نے پاکستان کو کرکٹ کے لیے بہترین ملک قرار دیتے ہوئے اچھی کرکٹ کھیلنے کے عزم کا اظہار کیا۔