مشرقِ وسطیٰ کشیدگی، فیڈرل بورڈ میں 4 ممالک کے امیدواران کے میٹرک امتحانات ملتوی

image

مشرقِ وسطیٰ کی کشیدہ سیکیورٹی صورتحال کے باعث فیڈرل بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن (FBISE) نے ایران، کویت، متحدہ عرب امارات اور بحرین میں میٹرک (کلاس دہم) کے امتحانات ملتوی کر دیے ہیں۔

فیڈرل بورڈ کی جانب سے جاری باضابطہ نوٹیفکیشن کے مطابق یہ امتحانات 31 مارچ 2026 سے شروع ہونا تھے، تاہم موجودہ علاقائی حالات اور سیکیورٹی خدشات کے پیشِ نظر انہیں فی الحال مؤخر کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

بورڈ حکام کا کہنا ہے کہ یہ فیصلہ طلبہ کی حفاظت اور سہولت کو مدِنظر رکھتے ہوئے کیا گیا ہے تاکہ کسی بھی ناخوشگوار صورتحال سے بچا جا سکے۔

نوٹیفکیشن میں واضح کیا گیا ہے کہ ملتوی کیے گئے امتحانات کی نئی تاریخوں کا اعلان بعد میں کیا جائے گا، جب حالات سازگار ہوں گے۔ فیڈرل بورڈ نے طلبہ اور والدین کو یقین دہانی کرائی ہے کہ نئے شیڈول سے متعلق بروقت آگاہ کر دیا جائے گا۔

دوسری جانب پنجاب کے تمام تعلیمی بورڈز کے تحت میٹرک کے پہلے سالانہ امتحانات آج سے شیڈول کے مطابق شروع ہوچکے ہیں۔

تعلیمی بورڈز نے پرائیویٹ امیدواران کو رول نمبر سلپس متعلقہ بورڈز کی ویب سائٹس سے ڈاؤن لوڈ کرنے کی ہدایت کی تھی۔


Click here for Online Academic Results

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US