پی ایس ایل 11 کا پہلا ٹاکرا شام 7 بجے حیدرآباد کنگزمین اور لاہور قلندرز میں ہوگا

image

کچھ غیر ملکی کھلاڑیوں کی جانب سے معاہدوں کی خلاف ورزی، خطے میں مشکل حالات اور حکومت کے کفایت شعاری کے احکامات کے باوجود آج سے کرکٹ شائقین کے لیے پاکستان سپر لیگ کا میلہ لاہور سے سجنے جا رہا ہے۔

پی ایس ایل کی تاریخ میں پہلی دفعہ اس کے گیارہویں ایڈیشن میں اب آٹھ ٹیمیں چیمپئن بننے کے لیے مقابلہ کریں گی۔ حیدرآباد کنگز مین اور راولپنڈی رائلز پہلی دفعہ پی ایس ایل میں نظر آئیں گی جبکہ ملتان سلطانز کی ٹیم بھی نئی مینجمنٹ اور نئے جذبے کے ساتھ میدان میں اترے گی۔ ان ٹیموں کے اضافے سے پاکستان کرکٹ بورڈ کو اب ہر سال فرنچائز فیس کی مد میں تقریباً 590 کروڑ روپے آمدنی ہوگی۔

دو نئی ٹیموں کے اضافے کے بعد پی ایس ایل 11 میں اب 44 میچ کھیلے جائیں گے اور 3 مئی کو لاہور میں فائنل ہوگا۔ ٹورنامنٹ شروع ہونے سے پہلے ہی خطے میں ایران، اسرائیل اور امریکا کی جنگ کی وجہ سے حالات معمول پر نہیں تھے اور حکومت نے بھی ملک میں کفایت شعاری کا فیصلہ کیا، مگر پاکستان کرکٹ بورڈ نے فیصلہ کیا کہ ان سب چیزوں کے باوجود پی ایس ایل وقت پر شروع ہوگا۔ تاہم حالات کی وجہ سے فیصلہ یہ کیا گیا ہے کہ شروع کے میچز میں تماشائیوں کو اسٹیڈیم آنے کی اجازت نہیں ہوگی اور ٹورنامنٹ بھی صرف لاہور اور کراچی میں منعقد کیا جائے گا جبکہ کوئی افتتاحی تقریب بھی نہیں ہوگی۔

کرکٹ شائقین کے لیے یہی کافی ہے کہ آج سے پی ایس ایل 11 شروع ہو رہا ہے۔ چونکہ ٹورنامنٹ آئی پی ایل کے ساتھ ساتھ ہو رہا ہے، اس لیے کچھ غیر ملکی کھلاڑیوں نے پیسوں کی خاطر پی ایس ایل ٹیموں کے ساتھ معاہدہ کرنے کے بعد زیادہ پیسے ملنے پر آئی پی ایل میں جا کر بدعہدی کی، جس پر پی سی بی کا کہنا ہے کہ ان کے خلاف قانونی چارہ جوئی کی جائے گی۔

اس کے باوجود پی ایس ایل 11 میں نامور غیر ملکی کھلاڑی حصہ لے رہے ہیں جن میں آسٹریلوی کرکٹرز کی سب سے زیادہ تعداد ہے، جن میں اسٹیو سمتھ، مارنس لبوشین، ڈیوڈ وارنر، گلین میکسویل اور جوش فلپ شامل ہیں۔

بنگلا دیش اور سری لنکا کے بھی کئی نامور کھلاڑی مختلف ٹیموں سے ایکشن میں نظر آئیں گے جبکہ جنوبی افریقہ اور انگلینڈ سے بھی کھلاڑی پی ایس ایل میں حصہ لے رہے ہیں۔

آج دفاعی چیمپئن لاہور قلندرز کا مقابلہ حیدرآباد کنگز مین سے ہوگا اور کرکٹ شائقین ایک زبردست مقابلے کی امید کر رہے ہیں کیونکہ دونوں ٹیموں میں شاہین شاہ آفریدی، فخر زمان، حارث رؤف، صائم ایوب اور شرجیل خان جیسے نمایاں کھلاڑی شامل ہیں۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US