دنیا کے مقبول ترین پرتگالی فٹبالر کرسٹیانو رونالڈو کی زندگی ایک ایسی کہانی ہے جس میں مشکلات، قربانی اور مسلسل جدوجہد نمایاں نظر آتی ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق ان کی پیدائش سے قبل ان کے والدین اسقاطِ حمل پر غور کر رہے تھے کیونکہ ان کے پہلے ہی تین بچے تھے اور محدود وسائل کے باعث مزید بچے کی پرورش ایک بڑا چیلنج سمجھی جا رہی تھی۔ تاہم، معالج نے اس عمل سے انکار کر دیا کیونکہ چھ ماہ کے حمل میں یہ ماں کے لیے محفوظ نہیں تھا۔
بچپن ہی سے رونالڈو کی فٹبال سے غیر معمولی دلچسپی اور صلاحیت واضح تھی، لیکن ان کے خاندان کو مالی مسائل کا سامنا رہا۔ ان حالات میں انہوں نے کم عمری میں کلینر کے طور پر کام کیا تاکہ اپنے والد کی مالی مدد کر سکیں۔
ابتدائی طور پر وہ فٹبال کو صرف شوق اور ذہنی دباؤ کم کرنے کا ذریعہ سمجھتے تھے، مگر وقت کے ساتھ یہی شوق ان کا مقصد بن گیا۔ بارہ سال کی عمر میں وہ پرتگال کے مرکزی حصے منتقل ہوئے اور اسپورٹنگ سی پی یوتھ اکیڈمی میں شمولیت اختیار کی، جہاں سے ان کے پیشہ ورانہ سفر کا باقاعدہ آغاز ہوا۔
کیریئر کے ابتدائی مرحلے میں انہیں سخت مقابلے، تنقید اور دباؤ کا سامنا کرنا پڑا، لیکن انہوں نے مسلسل محنت جاری رکھی اور اپنی کارکردگی میں بہتری لاتے رہے۔
ذاتی زندگی میں وہ اپنے والد کے بے حد قریب تھے، تاہم بیس برس کی عمر میں والد کی وفات نے انہیں گہرے صدمے سے دوچار کردیا تھا۔
تمام تر مشکلات اور رکاوٹوں کے باوجود کرسٹیانو رونالڈو نے عالمی سطح پر غیر معمولی کامیابی حاصل کی اور آج انہیں دنیا کے صفِ اول کے فٹبالرز میں شمار کیا جاتا ہے۔