نیشنل ویمنز ٹی ٹوئنٹی کرکٹ ٹورنامنٹ کل سے لاہور کے غنی گلاس کرکٹ گراؤنڈ میں شروع ہو رہا ہے جہاں افتتاحی میچ دفاعی چیمپئنز سٹارز اور چیلنجرز کے درمیان کھیلا جائے گا۔ میچ صبح 10 بجے شروع ہوگا۔
ٹورنامنٹ میں مجموعی طور پر پانچ ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں جن میں اسٹارز، چیلنجرز، کنکررز، انوِنسبلز اور سٹرائیکرز شامل ہیں۔ ہر ٹیم 16 کھلاڑیوں پر مشتمل ہے اور ٹورنامنٹ ڈبل لیگ فارمیٹ پر کھیلا جائے گا۔ ہر ٹیم کم از کم آٹھ میچز کھیلے گی جبکہ ٹاپ دو ٹیمیں فائنل کے لیے کوالیفائی کریں گی۔ فائنل 12 اپریل کو اسی گراؤنڈ میں کھیلا جائے گا۔
اسٹارز کی قیادت طوبیٰ حسن کر رہی ہیں جبکہ چیلنجرز کی کپتانی ڈیانا بیگ کے پاس ہے۔ دیگر ٹیموں کے کپتان فاطمہ ثناء (کنکررز)، منیبہ علی (انوِنسبلز) اور نشرہ سندھو (سٹرائیکرز) ہیں۔
فاتح ٹیم کو 15 لاکھ روپے جبکہ رنر اپ کو 10 لاکھ روپے انعام دیا جائے گا۔ کپتانوں نے ٹورنامنٹ کے حوالے سے اپنے جذبات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ ایونٹ ورلڈ کپ کی تیاری کے لیے اہم ہے اور ہر ٹیم بہترین کھیل پیش کرنے کی بھرپور کوشش کرے گی۔
طوبیٰ حسن نے کہا کہ بطور دفاعی چیمپئنز ہم اچھا کھیل پیش کرنے کی کوشش کریں گے اور کوچز کی ہدایات پر عمل کر کے ٹیم کو کامیابی دلانے کی کوشش ہوگی۔منیبہ علی نے کہا کہ ایسے ٹورنامنٹ تمام کھلاڑیوں کو یکساں مواقع فراہم کرتے ہیں اور ہم ہر صورتحال کے مطابق کھیلنے کی کوشش کریں گے۔