قومی کرکٹ ٹیم کے اسپنر عثمان طارق کا کہنا ہے کہ پچھلی مرتبہ ان کے منفرد ایکشن کی وجہ سے کافی ہائپ بنی تھی جو ایک اچھا تجربہ رہا، تاہم اس مرتبہ ان کی تمام تر توجہ اپنی پرفارمنس کو مزید بہتر بنانے پر مرکوز ہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ میدان میں ان کا ہدف ہمیشہ مخالف ٹیم کا اہم کھلاڑی اور وکٹ حاصل کرنا ہوتا ہے۔
ابرار احمد کے حوالے سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ابرار شروع سے ہی بہترین پرفارمنس دے رہے ہیں اور رینکنگ میں بھی ان کی پوزیشن اچھی رہتی ہے، جبکہ وہ خود مڈل اوورز میں آکر ٹیم کے لیے اپنا کردار ادا کرتے ہیں۔
عثمان طارق کے مطابق ان دونوں کی جوڑی میدان میں بہترین نتائج دیتی ہے اور وہ اپنی پیس ویری ایشن پر مسلسل کام کر رہے ہیں جس سے انہیں بہت کچھ سیکھنے کو مل رہا ہے۔
بیٹنگ کے حوالے سے عثمان طارق نے بتایا کہ ورلڈ کپ کے دوران مائیک ہیسن انہیں بیٹنگ بہتر بنانے کا مشورہ دیتے رہے ہیں اور اس سلسلے میں بیٹنگ کوچ حنیف ملک سے بھی ان کی بات چیت ہوئی ہے، جس کے بعد وہ اب اپنی بیٹنگ پر بھی محنت کر رہے ہیں۔
’دی ہنڈرڈ‘ لیگ کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ فی الحال ان کی تمام تر توجہ صرف پی ایس ایل پر ہے اور وہ مستقبل کا بعد میں سوچیں گے۔ انہوں نے ابرار احمد کے منتخب ہونے پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے یہ بھی کہا کہ کرکٹ میں سیاست نہیں ہونی چاہیے۔