پاکستانی فٹبالرز کو مستقل فٹبال لیگز کی ضرورت ہے، عبداللہ شاہ، عالمگیر غازی

image

قومی فٹبال ٹیم کے کھلاڑیوں عبداللہ شاہ اور عالمگیر غازی نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستانی فٹبالرز کو عالمی معیار کا تجربہ حاصل کرنے کے لیے مستقل فٹبال لیگز کی ضرورت ہے۔

عبداللہ شاہ کا کہنا تھا کہ انہیں حال ہی میں بنگلا دیش فٹبال لیگ میں تین میچز کھیلنے کا موقع ملا جس سے ان کے تجربے میں اضافہ ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور بنگلا دیش کے مابین تعلقات میں بہتری کا فائدہ کھلاڑیوں کو ہو رہا ہے اور کئی پاکستانی کھلاڑی اب ساؤتھ ایشین لیگز میں کھیل رہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ 2014 میں انڈر 14 کھیلنے کے بعد پاکستان میں دس سال تک فٹبال نہ ہونے کی وجہ سے ان کے کیریئر کا بڑا حصہ ضائع ہوا، تاہم 2022 کے بعد ورلڈ کپ کوالیفائنگ راؤنڈ میں ٹیم کی کارکردگی سے ملک میں فٹبال کا اسکوپ بڑھا ہے اور تماشائیوں کی جانب سے بھی بھرپور سپورٹ مل رہی ہے۔ انہوں نے خواہش ظاہر کی کہ پاکستان میں بھی فٹبال لیگ شروع ہو جس میں غیر ملکی کھلاڑی شرکت کریں۔

عالمگیر غازی نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ لیگ میچز کھیلنے سے بین الاقوامی مقابلوں میں پریشر برداشت کرنے کی صلاحیت پیدا ہوتی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ پاکستانی کھلاڑیوں کو ساف (SAFF) کوٹے کے تحت بنگلا دیشی لیگ میں مواقع مل رہے ہیں جہاں ایک ٹیم میں تین غیر ملکی کھلاڑیوں کو کھیلنے کی اجازت ہوتی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ قومی ٹیم کی مضبوطی کے لیے ڈومیسٹک اسٹرکچر اور ٹورنامنٹس کا ہونا ضروری ہے۔ عالمگیر غازی نے انکشاف کیا کہ میانمار کے خلاف میچ میں سمندر پار پاکستانی کھلاڑیوں کو آرام دیا گیا ہے تاکہ مقامی کھلاڑیوں کو اپنا ٹیلنٹ دکھانے کا موقع ملے، جس سے انہیں ہوم ایڈوانٹج بھی حاصل ہوگا۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان میں ٹیلنٹ کی کمی نہیں لیکن سہولیات اور اکیڈمیز کے فقدان کی وجہ سے چھوٹے شہروں کے کھلاڑیوں کو بڑے شہروں کا رخ کرنا پڑتا ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US