پشاور زلمی کے کھلاڑی ایرون ہارڈی نے کہا ہے کہ وارم اپ میچ کے بعد آرام کیا اور اب پہلے میچ کے لیے ٹیم نے بھرپور ٹریننگ مکمل کرلی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پشاور زلمی کا اسکواڈ انتہائی متوازن ہے اور ٹیم کے پاس ایک تجربہ کار ٹاپ آرڈر موجود ہے جس سے ٹورنامنٹ میں اچھے نتائج کی امید ہے۔
میڈیا سے گفتگو میں بابر اعظم کی تعریف کرتے ہوئے ایرون ہارڈی کا کہنا تھا کہ بابر ایک ورلڈ کلاس کھلاڑی ہیں جو بطور کپتان کافی میچور ہوچکے ہیں اور ٹی ٹوئنٹی کرکٹ کی باریکیوں کو اچھی طرح سمجھتے ہیں، ان کے ساتھ کھیل کر بہت کچھ سیکھنے کا موقع مل رہا ہے۔ انہوں نے اسٹیڈیم میں شائقین کی عدم موجودگی پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کراؤڈ سے کھیل میں توانائی آتی ہے اور امید ہے کہ جلد تماشائی اسٹیڈیم کا رخ کریں گے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ بطور پروفیشنل کھلاڑی وہ اپنا سو فیصد دینے کی کوشش کریں گے۔ آسٹریلوی کھلاڑی نے پاک آسٹریلیا کرکٹ تعلقات پر بات کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی کھلاڑیوں کو آسٹریلیا میں دیکھ کر سب کو خوشی ہوئی تھی اور اب آسٹریلوی کھلاڑیوں کا یہاں آنا دوستی میں اضافے کا باعث بنتا ہے، اس سے مقامی کھلاڑیوں کو سمجھنے کا موقع بھی ملتا ہے۔
انہوں نے پی ایس ایل کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اس لیگ سے پاکستان کے کئی باصلاحیت نوجوان کھلاڑی سامنے آتے ہیں جو کرکٹ کے لیے نہایت فائدہ مند ہے۔