خیبرپختونخوا حکومت نے سرکاری اسکولوں کے لیے نیا ٹائم ٹیبل جاری کر دیا ہے جس کے مطابق پرائمری اسکولوں میں حاضری صبح 7:30 بجے شروع ہوگی اور چھٹی دوپہر 1:35 پر ہوگی۔
اعلامیے کے مطابق اسکولوں میں طلباء کی اخلاقی تربیت کو اہمیت دی جائے گی اور مختلف موضوعات پر تقاریر اور عملی سرگرمیاں لازمی قرار دی گئی ہیں۔ طلباء کو ہفتے میں تین دن تقاریر اور تین دن خاکوں کے ذریعے اخلاقی تعلیم دی جائے گی۔
اسکول سربراہان کو ہدایت کی گئی ہے کہ ہر ہفتے کے آخری ورکنگ ڈے بزمِ ادب کا انعقاد کریں اور بزمِ ادب کے بعد آخری تین پیریڈز میں اسٹاف میٹنگ اور رجسٹرز مکمل کیے جائیں۔
اعلامیے میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ اساتذہ کی کمی یا طویل رخصت کی صورت میں ہیڈز اور سبجیکٹ اسپیشلسٹ کلاسز لیں گے اور تمام ڈسٹرکٹ ایجوکیشن افسران کو سکولوں میں ٹائم ٹیبل پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے۔