وفاقی حکومت نے عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں اضافے کے باعث ملک میں پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں بڑا اضافہ کردیا ہے۔
حکومتی اعلان کے مطابق پیٹرول کی قیمت میں 137 روپے 23 پیسے جبکہ ڈیزل کی قیمت میں 184 روپے 49 پیسے فی لیٹر اضافہ کیا گیا ہے۔
اضافے کے بعد پیٹرول کی نئی قیمت 458 روپے 40 پیسے اور ڈیزل کی قیمت 520 روپے 35 پیسے فی لیٹر مقرر کر دی گئی ہے، جس کا اطلاق رات 12 بجے سے ہوگیا۔
وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک اور وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے مشترکہ پریس کانفرنس میں بتایا کہ یہ فیصلہ عالمی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف) سے کیے گئے وعدوں اور عالمی مارکیٹ میں تیل کی بڑھتی قیمتوں کے پیش نظر کیا گیا ہے۔
وزیر پیٹرولیم کے مطابق وزیراعظم کی زیر صدارت اہم اجلاس میں طے کیا گیا کہ اب سبسڈی صرف مخصوص طبقوں تک محدود رکھی جائے گی۔
وزیرخزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب نے بتایا کہ حکومت نے موٹرسائیکل والوں کیلیے 100 روپے فی لیٹر سبسڈی مقرر کی ہے اور ہر ماہ 20 لیٹر پیٹرول سبسڈی پر دیا جائے گا جبکہ اس کا اطلاق تین ماہ کیلیے ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ خلیجی خطے میں جاری کشیدگی کے باعث عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں شدید اضافہ ہوا ہے اور ڈیزل کی قیمت 250 ڈالر فی بیرل سے تجاوز کر چکی ہے۔ پاکستان اپنی 90 فیصد تیل کی ضروریات دبئی اور عمان سے پوری کرتا ہے، جہاں قیمتوں میں ریکارڈ اضافہ دیکھنے میں آیا۔
وزیر پیٹرولیم کا کہنا تھا کہ حکومت کو عوام کی مشکلات کا احساس ہے مگر موجودہ حالات میں قیمتوں میں اضافہ ناگزیر ہے جبکہ کفایت شعاری اقدامات اور ترقیاتی فنڈز روک کر عوام کو ریلیف دینے کی کوشش کی جا رہی ہے۔