پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ ریکارڈ اضافے کے بعد ملک بھر میں ٹرانسپورٹ کرایوں میں اضافے کا اعلان کر دیا گیا ہے۔
پاکستان گڈز ٹرانسپورٹ الائنس کے صدر ملک شہزاد نے کرایوں میں فیصد کے حساب سے اضافے کا اعلان کرتے ہوئے حکومت کے فیصلے کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا۔ انہوں نے کہا کہ پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ ملک میں مہنگائی کے نئے طوفان کو جنم دے گا۔
ملک شہزاد کا کہنا تھا کہ حکومتی پالیسیوں کے باعث ٹرانسپورٹ سیکٹر شدید بحران کا شکار ہے اور لاکھوں افراد بیروزگار ہو رہے ہیں۔ انہوں نے خبردار کیا کہ اگر فیصلوں پر نظرثانی نہ کی گئی تو ملک میں ٹرانسپورٹ کا نظام مفلوج ہو سکتا ہے۔
دوسری جانب پاکستان پبلک ٹرانسپورٹ اونر ایسوسی ایشن نے بھی ڈیزل کی قیمتوں میں اضافے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے آج ہنگامی اجلاس طلب کر لیا ہے۔ ایسوسی ایشن کا کہنا ہے کہ موجودہ حالات میں کرایوں کو ڈیزل کی قیمت کے تناسب سے ایڈجسٹ کرنا ممکن نہیں، حکومت واضح طور پر بتا دے کہ ٹرانسپورٹرز اپنا کاروبار بند کر دیں۔
واضح رہے کہ وفاقی حکومت نے گزشتہ رات پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اب تک کا سب سے بڑا اضافہ کیا ہے۔ حکام کے مطابق پیٹرول کی قیمت میں 137 روپے 24 پیسے فی لیٹر اضافہ کیا گیا جس کے بعد نئی قیمت 458 روپے 41 پیسے فی لیٹر ہو گئی ہے، جبکہ ڈیزل کی قیمت میں 184 روپے 49 پیسے اضافہ کیا گیا ہے۔