کراچی: لاکھوں طلبہ ایڈمٹ کارڈ سے محروم، امتحانات ایک ہفتے مؤخر کرنے کا مطالبہ

image

گرینڈ الائنس آف پرائیویٹ اسکولز ایسوسی ایشنز سندھ نے ایڈمٹ کارڈز کے عدم اجراء اور ناقص انتظامات کی وجہ سے نویں اور دسویں جماعت کے امتحانات کو ایک ہفتے کے لیے موخر کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

ایسوسی ایشن کے مطابق ہزاروں اسکولوں کے لاکھوں طلبہ کے ایڈمٹ کارڈز اب تک پورٹل پر اپ لوڈ نہیں ہوسکے ہیں، جس کی وجہ سے والدین، طلبہ اور اسکول انتظامیہ شدید ذہنی کوفت کا شکار ہیں۔

اعزازی سیکریٹری ڈی ایم دانش بلوچ کی جانب سے جاری بیان میں وزیر یونیورسیٹیز اینڈ بورڈز سندھ محمد اسماعیل راہو سے اپیل کی گئی ہے کہ معاملے کی سنگینی کے پیش نظر امتحانی شیڈول کو فوری طور پر آگے بڑھایا جائے۔ الائنس کا موقف ہے کہ ابھی تک امتحانی مراکز فائنل نہیں ہو سکے اور نہ ہی امتحانی سامان کی تقسیم مکمل ہوئی ہے، یہاں تک کہ کئی اسکولوں کو اپنے مرکز بننے کا علم تک نہیں ہے۔

ایسوسی ایشن نے خبردار کیا ہے کہ نامکمل انتظامات اور افرا تفری میں بنائے گئے مراکز پر امتحانات لینا تعلیم کے ساتھ مذاق ہے اور چار لاکھ بچوں کا مستقبل کسی کی ذاتی انا کی بھینٹ نہیں چڑھنا چاہیے۔

بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ پرسکون ماحول میں امتحان دینا ہر طالب علم کا قانونی حق ہے، لہٰذا مراکز اور ایڈمٹ کارڈز کی درستگی کے لیے وقت دیا جائے۔

گرینڈ الائنس آف پرائیویٹ اسکولز ایسوسی ایشنز سندھ نے اس حوالے سے آج شام چار بجے اپنے آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کرنے کا بھی فیصلہ کیا ہے۔


Click here for Online Academic Results

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US