کراچی میٹرک بورڈ نے سالانہ امتحانات کی تاریخ میں تبدیلی کرتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ اب میٹرک کے امتحانات 7 اپریل کے بجائے جمعہ 10 اپریل سے شروع ہوں گے۔
چیئرمین میٹرک بورڈ کے مطابق امتحانات کی تاریخ انتظامی وجوہات کی بنا پر آگے بڑھائی گئی ہے۔ دوسری جانب پرائیویٹ اسکولز ایسوسی ایشن کا کہنا ہے کہ ایڈمٹ کارڈز کی بروقت فراہمی نہ ہونے کے باعث امتحانات ملتوی کرنا ناگزیر ہو گیا تھا۔
ایسوسی ایشن کے مطابق تاحال امتحانی مراکز کو حتمی شکل نہیں دی گئی تھی نہ ہی طلبہ کو ایڈمٹ کارڈز جاری کیے جا سکے تھے۔ اس کے علاوہ امتحانی سامان کی ترسیل اور دیگر انتظامات بھی مکمل نہیں تھے۔
واضح رہے کہ میٹرک کے سالانہ امتحانات 7 اپریل سے شروع ہونا تھے، تاہم انتظامی مسائل کے باعث انہیں مؤخر کر دیا گیا ہے۔