ہراسانی کیس ثابت، بی بی ایس یو لیاری کا اکاؤنٹس افسر ملازمت سے برطرف

image

بینظیر بھٹو شہید یونیورسٹی لیاری میں ہراسانی کا کیس ثابت ہونے پر اکاؤنٹس آفیسر عبدالرشید ملاح کو ملازمت سے برطرف کر دیا گیا ہے۔

یونیورسٹی انتظامیہ کے مطابق مذکورہ آفیسر پر ایک طالبہ کو موبائل فون ایپلیکیشن کے ذریعے میسجز بھیج کر ہراساں کرنے کا الزام تھا، جس پر طالبہ کی جانب سے باقاعدہ شکایت درج کرائی گئی تھی۔ اس معاملے کی تحقیقات کے لیے محکمہ یونیورسٹیز اینڈ بورڈز کے ایک افسر کی سربراہی میں فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی تشکیل دی گئی، جس نے اپنی رپورٹ میں الزامات کو درست قرار دیا۔

کمیٹی کی سفارش پر معاملہ محتسب کو بھجوایا گیا، جس کی رائے کے بعد یہ معاملہ یونیورسٹی کی سینڈیکیٹ کے اجلاس میں پیش کیا گیا۔ 9 جنوری 2026 کو منعقدہ سینڈیکیٹ اجلاس میں عبدالرشید ملاح کو ملازمت سے برطرف کرنے کی تادیبی کارروائی کی منظوری دی گئی۔ بعد ازاں، سیشن کورٹ کراچی نے بھی ملزم کی سول اپیل مسترد کر دی، جس کے بعد یہ برطرفی حتمی قرار پا گئی ہے۔

یونیورسٹی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ یہ اقدام ادارے میں احتساب اور شفافیت کو یقینی بنانے کے لیے اٹھایا گیا ہے۔ انتظامیہ نے مزید واضح کیا کہ تعلیمی ادارے میں طلبہ کو محفوظ ماحول فراہم کرنے کے لیے ہراسانی کے خلاف "زیرو ٹالرنس" پالیسی پر سختی سے عمل درآمد کیا جا رہا ہے۔


Click here for Online Academic Results

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US