حکومتِ سندھ نے اسکول وین اور پک اینڈ ڈراپ کے کرایوں میں کسی بھی قسم کے اضافے کو ممنوع قرار دے دیا ہے۔
حکومت کی جانب سے جاری کردہ ہدایات کے مطابق پیٹرول کی قیمتوں میں اضافے کے باوجود ٹرانسپورٹ چارجز نہیں بڑھائے جائیں گے۔
یہ احکامات اسکولوں کے زیر انتظام چلنے والی ٹرانسپورٹ اور والدین کے نجی انتظام، دونوں پر یکساں طور پر لاگو ہوں گے۔ حکومتی فیصلے کا مقصد والدین اور وین مالکان پر اضافی مالی بوجھ کو روکنا ہے، جس کے لیے حکومت کی جانب سے مختلف سہولیات بھی فراہم کی جائیں گی تاکہ طلبہ کی ٹرانسپورٹ سروس بلا تعطل جاری رہ سکے۔
مزید برآں صوبائی حکومت نے تمام تعلیمی اداروں کو حکم دیا ہے کہ وہ اپنی وینز اور ٹرانسپورٹ سروسز کا مکمل ڈیٹا فوری طور پر جمع کرائیں۔
حکومتی ہدایات میں اس بات پر زور دیا گیا ہے کہ کرایوں میں اضافے پر مکمل پابندی برقرار رہے گی اور ٹرانسپورٹ سروس کو بغیر کسی رکاوٹ کے فعال رکھنا یقینی بنایا جائے گا۔