پنجاب میں جماعت ہشتم کے سالانہ نتائج کا باضابطہ اعلان کر دیا گیا جس کے مطابق مجموعی کامیابی کا تناسب 88 فیصد رہا۔
وزیر تعلیم رانا سکندر حیات نے نتائج دیکھنے کے لیے آن لائن پورٹل کا افتتاح کیا جہاں سرکاری اسکولوں کے طلبہ اپنا رزلٹ pectaa.edu.pk پر چیک کر سکتے ہیں۔
وزیر تعلیم کے مطابق صوبے بھر سے تقریباً ایک لاکھ طلبہ نے آٹھویں جماعت کے امتحانات میں حصہ لیا جبکہ نتائج صرف 30 دن کی ریکارڈ مدت میں تیار کیے گئے۔
انہوں نے بتایا کہ پاکستان میں پہلی بار امتحانی پرچوں کی جانچ کے لیے مشین مارکنگ اور آرٹیفیشل انٹیلیجنس (AI) کا استعمال کیا گیا جس سے شفافیت کو یقینی بنایا گیا ہے۔ مزید برآں، پرچوں پر کیو آر کوڈز بھی لگائے گئے تاکہ مکمل ٹریسنگ ممکن ہو سکے۔
رانا سکندر حیات کا کہنا تھا کہ مستقبل میں میٹرک اور انٹر کے امتحانات میں بھی مشین مارکنگ کا نظام متعارف کرایا جائے گا۔ انہوں نے اسسٹمنٹ ٹیم کے لیے اعزازیہ کا بھی اعلان کیا۔
یاد رہے کہ پنجاب میں طویل عرصے بعد آٹھویں جماعت کے امتحانات کو دوبارہ بورڈ طرز پر بحال کیا گیا، جو طلبہ کی کارکردگی کو بہتر انداز میں جانچنے کے لیے ایک اہم اقدام قرار دیا جا رہا ہے۔
دوسری جانب وزیراعلیٰ پنجاب نے بھی کامیاب طلبہ کو مبارکباد دیتے ہوئے ان کی کامیابیوں کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔