فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری (ایف پی سی سی آئی) اور سندھ ہائر ایجوکیشن کمیشن کے باہمی اشتراک سے ابھرتے ہوئے اسٹارٹ اپس کے لیے ایک پرائز ڈسٹری بیوشن تقریب منعقد کی گئی، جس میں سندھ کی سرکاری و نجی جامعات کے وائس چانسلرز اور دیگر اہم عہدیداران نے شرکت کی۔
تقریب کے دوران نوجوانوں کے اختراعی آئیڈیاز کے اعتراف میں انہیں نقد انعامات سے نوازا گیا، جس کا مقصد انٹرپرینیورشپ کے فروغ اور نوجوانوں کی حوصلہ افزائی کے حکومتی عزم کو تقویت دینا ہے۔
ایف پی سی سی آئی کے سینئر نائب صدر ثاقب فیاض مگوں نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نوجوانوں کے تخلیقی آئیڈیاز ملکی معیشت کے لیے گیم چینجر ثابت ہو سکتے ہیں اور ایف پی سی سی آئی انہیں اپنا کاروبار شروع کرنے اور انڈسٹری سے منسلک کرنے میں ہر ممکن سہولت فراہم کرے گی۔
چیئرمین سندھ ہائر ایجوکیشن کمیشن ڈاکٹر طارق رفیع نے زور دیا کہ جامعات اور انڈسٹری کا مضبوط اشتراک ہی طلبا کو کامیاب انٹرپرینیور بنا سکتا ہے، اسی لیے تحقیق اور نئے آئیڈیاز کی کمرشلائزیشن ان کی اولین ترجیح ہے۔
معروف بزنس مین بشیر جان محمد نے کہا کہ ملک کی معاشی ترقی کا انحصار نوجوان نسل پر ہے اور تاجر برادری ان ہونہار اسٹارٹ اپس کی مکمل سرپرستی اور رہنمائی کرے گی۔