وفاقی وزیر بحری امور محمد جنید انوار چوہدری کی زیر صدارت کورنگی فشریز ہاربر بورڈ کا اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں ماہی گیری کے شعبے کی بہتری اور ماہی گیروں کو ریلیف دینے سے متعلق اہم فیصلے کیے گئے۔
اجلاس کے دوران کورنگی فشریز ہاربر پر چھوٹے ماہی گیروں کے لیے ریلیف کا اعلان کیا گیا۔ وزیر بحری امور نے کہا کہ فشریز ایکسپورٹ کو بہتر بنانے کے لیے فلوٹنگ جیٹی کی تعمیر جاری ہے، جسے جون 2026 تک مکمل کر لیا جائے گا۔
انہوں نے بتایا کہ فلوٹنگ جیٹی کی تعمیر سے کم پانی والے علاقوں میں بھی ماہی گیری کے آپریشنز بہتر ہوں گے جس سے نہ صرف پیداواری صلاحیت میں اضافہ ہوگا بلکہ ماہی گیروں کے اخراجات میں بھی کمی آئے گی۔
محمد جنید انوار چوہدری کا کہنا تھا کہ جدید کیچ مانیٹرنگ سسٹم متعارف کروا کر پائیدار ماہی گیری کو فروغ دیا جائے گا جس سے اس شعبے میں شفافیت اور بہتری آئے گی۔