بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن فیصل آباد نے میٹرک فرسٹ سالانہ امتحان 2026 کے سیکنڈ گروپ کے کچھ پرچے ملتوی کرنے کا اعلان کیا ہے۔
سیکریٹری بورڈ کے مطابق آج ہونے والے کمپیوٹر سائنس، بائیولوجی اور اہل حدیث درس نظامی کے امتحانات نہیں ہوں گے۔ ملتوی کیے گئے پرچوں کی نئی تاریخوں کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔
دوسری جانب امتحانی عمل کے دوران بدانتظامی کے واقعات بھی سامنے آئے ہیں۔ ذرائع کے مطابق نہم جماعت کے کمپیوٹر سائنس اور بائیولوجی کے پرچے وقت سے قبل آؤٹ ہونے کی اطلاعات ملی ہیں، جس کے باعث امتحانی نظام پر سوالات اٹھ گئے ہیں۔
اس سے قبل پیر کے روز ریاضی کا پرچہ بھی مبینہ طور پر مقررہ وقت سے تقریباً تین گھنٹے قبل لیک ہونے کا واقعہ رپورٹ ہوا تھا، جس کے بعد امتحانی شفافیت کے حوالے سے تشویش میں اضافہ ہوا ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ صورتحال کی تحقیقات کی جا رہی ہیں اور آئندہ امتحانات کو شفاف بنانے کے لیے اقدامات کیے جائیں گے۔