قومی ٹیم کے فاسٹ بالر شاہین شاہ آفریدی نے ڈھاکا میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ طویل وقفے کے بعد ٹیسٹ سیریز کھیلنا آسان نہیں ہوتا، تاہم پاکستان اور اب بنگلا دیش میں بھرپور تیاری کے بعد ٹیم چیلنج کے لیے مکمل تیار ہے۔
انہوں نے کہا کہ ٹیسٹ کرکٹ کا ایک طویل سیزن سامنے ہے جو شاید پہلی بار ہو رہا ہے، اور وہ اس فارمیٹ کی اہمیت کو مدنظر رکھتے ہوئے بہترین کارکردگی دکھانے کے لیے پرامید ہیں۔
شاہین آفریدی کا کہنا تھا کہ ہر ٹیم اپنی ہوم کنڈیشنز میں سخت حریف ثابت ہوتی ہے اور بنگلا دیش نے ماضی میں یہاں زیادہ تر فتوحات اسپن ٹریکس پر حاصل کی ہیں، لیکن پاکستان نے ہر طرح کی صورتحال بشمول گرین وکٹ کے لیے بھی خود کو تیار کر رکھا ہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ ٹیم کا ہدف صرف یہ سیریز جیتنا نہیں بلکہ آئی سی سی ٹیسٹ چیمپئن شپ کے فائنل تک رسائی حاصل کرنا ہے، جس کے لیے وہ سو فیصد کارکردگی دکھانے کے لیے پرعزم ہیں۔