چین کے شہر ہانگژو میں ٹریفک کنٹرول اور شہریوں کی رہنمائی کے لیے روبوٹ ٹریفک پولیس اہلکار تعینات کر دیے گئے ہیں جو انسانی اہلکاروں کے ساتھ مل کر فرائض انجام دے رہے ہیں۔
بین الاقوامی میڈیا کے مطابق مشرقی صوبے ژی جیانگ کے شہر ہانگژو میں یومِ مئی کی پانچ روزہ تعطیلات کے دوران سیاحوں کی سہولت اور ٹریفک نظم و ضبط بہتر بنانے کے لیے اسمارٹ ٹریفک روبوٹس استعمال کیے جا رہے ہیں۔
یہ روبوٹ مقامی ٹریفک نظام سے منسلک ہیں اور ٹریفک کی نگرانی کے ساتھ ساتھ خلاف ورزیوں کی نشاندہی بھی کرتے ہیں۔ یہ سائیکل سواروں کی جانب سے اسٹاپ لائن عبور کرنے اور ہیلمٹ نہ پہننے جیسی خلاف ورزیوں کو ریکارڈ کرتے ہیں۔
حکام کے مطابق یہ روبوٹ مصروف شاہراہوں پر گشت کر کے انسانی ٹریفک اہلکاروں کا بوجھ کم کرتے ہیں اور مجموعی کارکردگی کو بہتر بنانے میں مدد فراہم کر رہے ہیں۔