پاکستانی حج مشن کی ایمانداری، گمشدہ 4308 ریال عازم حج کو واپس

image

مکہ مکرمہ: پاکستانی حج مشن کے ’’لاسٹ اینڈ فاؤنڈ سیل‘‘ نے ایمانداری اور فرض شناسی کی مثال قائم کرتے ہوئے جدہ ایئرپورٹ پر گم ہونے والی رقم ایک پاکستانی عازم حج کو بحفاظت واپس کردی۔

حج مشن حکام کے مطابق لاہور سے تعلق رکھنے والے عازم حج عثمان شاہد سعودی ایئر لائن کی پرواز SV-3735 کے ذریعے جدہ پہنچے تھے، جہاں ان کی احرام والی بیلٹ ایئرپورٹ پر گم ہوگئی۔ بیلٹ میں 4308 سعودی ریال، جو پاکستانی کرنسی میں تقریباً سوا تین لاکھ روپے بنتے ہیں، موجود تھے۔

مکہ مکرمہ میں لاسٹ اینڈ فاؤنڈ سیل کے شفٹ انچارج رانا مجاہد نے بتایا کہ جدہ ایئرپورٹ پر تعینات پاکستانی حج مشن کے ٹیم انچارج حیدر علی کو یہ بیلٹ ملی، تاہم اس میں کوئی شناختی دستاویز موجود نہیں تھی جس سے مالک کا سراغ لگایا جاسکے۔

انہوں نے بتایا کہ امانت کو محفوظ طریقے سے مکہ مکرمہ منتقل کیا گیا، جبکہ دوسری جانب عازم حج عثمان شاہد نے مکہ پہنچنے کے بعد اپنی گمشدہ بیلٹ کی رپورٹ درج کروائی۔

حکام کے مطابق عازم حج کی فراہم کردہ نشانیوں، رقم کی درست تفصیلات اور دیگر معلومات کی تصدیق کے بعد بیلٹ اور رقم باقاعدہ طور پر ان کے حوالے کردی گئی۔ عثمان شاہد اس وقت مکہ مکرمہ کی بلڈنگ نمبر 301 میں مقیم ہیں۔

رقم واپس ملنے پر عازم حج عثمان شاہد نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے پاکستانی حج مشن اور سعودی حکام کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ رقم گم ہونے پر وہ شدید پریشان تھے، تاہم حج مشن کے عملے نے بھرپور تعاون کرتے ہوئے ان کی مشکل آسان کی۔

اس موقع پر رانا مجاہد نے کہا کہ پاکستانی حج مشن عازمین حج کی خدمت اور ان کے مسائل کے فوری حل کے لیے ہر ممکن اقدامات کررہا ہے۔ انہوں نے عازمین کو ہدایت کی کہ وہ اپنی قیمتی اشیاء کی حفاظت کریں اور کسی بھی گمشدگی کی صورت میں فوری طور پر قریبی لاسٹ اینڈ فاؤنڈ سیل سے رابطہ کریں۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US