پہلے ٹیسٹ میچ میں بنگلادیش کے ہاتھوں پاکستان کو 104 رنز سے شکست

image

ڈھاکا کے میرپور اسٹیڈیم میں کھیلے گئے پہلے ٹیسٹ میچ میں بنگلادیش نے پاکستان کو 104 رنز سے شکست دے دی۔

پاکستان نے ٹاس جیت کر بنگلادیش کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی تھی جس نے اپنی پہلی اننگز میں 413 رنز بنائے، جواب میں پاکستانی ٹیم پہلی اننگز میں 386 رنز بنا سکی۔

بنگلادیش نے کھیل کے پانچویں روز اپنی دوسری اننگز 240 رنز 9 کھلاڑی آؤٹ پر ڈکلیئر کر کے پاکستان کو جیت کے لیے 268 رنز کا ہدف دیا۔

بنگلادیش کی دوسری اننگز میں نجم الحسن شنتو 87 اور مومن الحق 56 رنز بنا کر نمایاں رہے جبکہ پاکستان کی جانب سے حسن علی اور نعمان علی نے تین تین، شاہین آفریدی نے دو اور محمد عباس نے ایک وکٹ حاصل کی۔ اسی دوران نعمان علی نے ٹیسٹ کرکٹ میں اپنی 100 وکٹیں بھی مکمل کیں۔

ہدف کے تعاقب میں پاکستانی ٹیم دوسری اننگز میں شدید مشکلات کا شکار رہی اور پوری ٹیم 163 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔

پاکستان کی جانب سے عبداللہ فضل 66 اور سلمان آغا 26 رنز بنا کر نمایاں رہے، جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں اذان اویس 15، سعود شکیل 15، حسان خان 12، شان مسعود 2، حسن علی ایک اور نعمان علی چار رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔

اس سے قبل سلمان آغا نے جیت کے لیے جانے کا عزم ظاہر کیا تھا تاہم ٹیم ہدف حاصل کرنے میں ناکام رہی۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US