عام طور پر ایک درخت پر ایک ہی قسم کا پھل اگتا ہے، لیکن بھارت کے ایک کسان نے اپنے منفرد تجربے سے لوگوں کو حیران کر دیا۔ گجرات سے تعلق رکھنے والے کسان اوکا بھائی بھٹی نے ایک ہی آم کے درخت پر 14 مختلف اقسام کے آم اُگا کر توجہ حاصل کرلی ہے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق کسان نے یہ کام جدید باغبانی طریقوں اور گرافٹنگ تکنیک کے ذریعے ممکن بنایا۔ اس طریقے میں مختلف اقسام کی شاخوں کو ایک ہی درخت کے ساتھ جوڑا جاتا ہے، جس کے بعد ایک ہی تنا مختلف ذائقوں اور شکلوں والے پھل دینے لگتا ہے۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ آموں کے سیزن میں یہ درخت کئی رنگوں اور اقسام کے پھلوں سے بھر جاتا ہے۔ کچھ آم میٹھے ہیں، کچھ خوشبو میں مختلف جبکہ بعض کی رنگت عام آموں سے الگ دکھائی دیتی ہے۔ اسی وجہ سے اس درخت کو دیکھنے کے لیے قریبی دیہات کے ساتھ دور دراز علاقوں سے بھی لوگ پہنچ رہے ہیں۔
اوکا بھائی بھٹی کے مطابق درخت پر کیسر، امرپالی، لنگڑا، بادامی، گلابی، رس بری، جمعدار، کالا جمعدار، ہاپس اور طوطاپری سمیت کئی اقسام کی پیوند کاری کی گئی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ ہر آم اپنی الگ پہچان رکھتا ہے اور ذائقے میں واضح فرق محسوس ہوتا ہے۔
مقامی افراد کے مطابق ان میں کچھ ایسی اقسام بھی شامل ہیں جو اب کم دکھائی دیتی ہیں اور ماضی میں خاصی مقبول سمجھی جاتی تھیں۔ زرعی ماہرین اور باغبانی سے وابستہ لوگ بھی اس تجربے کو دلچسپی سے دیکھ رہے ہیں کیونکہ یہ طریقہ محدود جگہ میں مختلف اقسام کی پیداوار حاصل کرنے کی ایک مثال بن رہا ہے۔