راولپنڈی: ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے شفاء تعمیرِ ملت یونیورسٹی کے طلبہ اور اساتذہ سے خصوصی نشست کے دوران قومی سلامتی، دہشت گردی، فتنہ الخوارج، فتنہ الہند اور انفارمیشن وارفیئر سے متعلق تفصیلی گفتگو کی۔
نشست کے دوران طلبہ نے مختلف امور پر براہِ راست سوالات کیے اور کہا کہ اس سیشن سے ان کے کئی سوالات اور ابہام دور ہوئے جبکہ قومی بیانیے اور ذمہ دارانہ سوشل میڈیا استعمال کے حوالے سے بہتر آگاہی حاصل ہوئی۔
وزیرستان سمیت مختلف شہروں سے تعلق رکھنے والے طلبہ نے ڈی جی آئی ایس پی آر کے ساتھ براہِ راست مکالمے کے موقع کو سراہتے ہوئے معرکۂ حق میں افواجِ پاکستان کی قربانیوں اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ طلبہ نے شہداء کی قربانیوں کو سلام پیش کرتے ہوئے کہا کہ معرکۂ حق نے پاکستان کے وقار اور عالمی تشخص کو مزید مضبوط کیا ہے۔
اساتذہ نے اس موقع پر کہا کہ نوجوان نسل کو جعلی خبروں، پروپیگنڈے اور ہائبرڈ وارفیئر کے خطرات سے آگاہ کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ فیکلٹی ممبران نے زور دیا کہ سوشل میڈیا پر کسی بھی معلومات کو آگے بڑھانے سے قبل اس کی تصدیق ضروری ہے۔
وائس چانسلر ڈاکٹر محمد اقبال خان نے کہا کہ پاک افواج نے معرکۂ حق میں دلیری کے ساتھ دشمن کو منہ توڑ جواب دیا اور نوجوان نسل کو بھی پاکستان کے استحکام اور سلامتی کے لیے مثبت کردار ادا کرنا چاہیے۔