بایومیٹرک سیکیورٹی کے بڑھتے ہوئے استعمال کے ساتھ ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ سیلفیز میں مشہور ’V‘ سائن بنانا صارفین کے فنگر پرنٹس کے افشا ہونے کا خطرہ بڑھا سکتا ہے۔
سیکیورٹی ماہرین کے مطابق ہائی ریزولوشن کیمروں اور جدید آرٹیفیشل انٹیلی جنس سافٹ ویئر کی مدد سے تصاویر میں انگلیوں کے نشانات واضح کیے جا سکتے ہیں جس سے بایومیٹرک سیکیورٹی سسٹمز کو خطرات لاحق ہو سکتے ہیں۔
چینی سیکیورٹی ماہر نے ایک ٹی وی پروگرام میں وضاحت کرتے ہوئے بتایا کہ اگر کسی شخص کی انگلی کیمرے کی طرف ہو اور تصویر قریب سے لی گئی ہو تو فنگر پرنٹس حاصل کیے جانے کے امکانات بڑھ جاتے ہیں۔
ماہرین کے مطابق جدید اے آئی ٹیکنالوجی کم ریزولوشن تصاویر کو بھی بہتر بنا سکتی ہے جس کے بعد دھندلے فنگر پرنٹس نسبتاً واضح ہو جاتے ہیں۔
تاہم بعض ماہرین نے یہ بھی واضح کیا کہ صرف ایک تصویر سے مکمل بایومیٹرک معلومات حاصل کرنا آسان نہیں ہوتا کیونکہ روشنی، فوکس اور تصویر کے معیار جیسے عوامل بھی اہم کردار ادا کرتے ہیں۔
ماہرین نے صارفین کو مشورہ دیا ہے کہ اگر وہ سوشل میڈیا پر ’V‘ سائن والی تصاویر شیئر کریں تو انگلیوں کے سروں کو دھندلا کر دیں یا ایڈیٹنگ ٹولز کے ذریعے فنگر پرنٹس کو غیر واضح بنا دیں تاکہ ذاتی معلومات محفوظ رہ سکیں۔