صدر کے سی سی آئی کا کمرشل بینکوں سے ویلیو ایشن اختیارات واپس لینے کا مطالبہ

image

کراچی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (کے سی سی آئی) کے صدر ریحان حنیف نے ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کاروباری برادری کو درپیش مختلف مسائل پر تفصیلی گفتگو کی اور اسٹیٹ بینک سمیت حکومت سے اہم مطالبات کیے۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ نظام میں کسٹمز کی بجائے بینک ویلیو ایشن کا تعین کر رہے ہوتے ہیں، اس لیے اسٹیٹ بینک سے مطالبہ ہے کہ کمرشل بینکوں سے ویلیو ایشن کے اختیارات فوری طور پر واپس لیے جائیں۔ انہوں نے کراچی کی تاجر برادری کی سہولت کے لیے ایچ ایس کوڈ (HS Code) کو بھی ختم کرنے کا مطالبہ کیا۔

صدر کے سی سی آئی نے چھوٹے اور متوسط کاروبار پر بات کرتے ہوئے کہا کہ ایس ایم ایز (SMEs) کی اہمیت کو نہ ہم نے سمجھا اور نہ ہی ہماری حکومت نے، جبکہ جاپان اور چین جیسے ممالک کی معاشی ترقی کی بنیاد یہی چھوٹے اور متوسط کاروبار ہیں۔

انہوں نے افسوس کا اظہار کیا کہ پاکستان میں ایس ایم ایز کو قرضہ حاصل کرنے کے لیے سینکڑوں شرائط کا سامنا کرنا پڑتا ہے، لہٰذا اسٹیٹ بینک ایس ایم ایز فنانسنگ کے لیے ایک مخصوص ڈیسک قائم کرے۔ انہوں نے یہ سوال بھی اٹھایا کہ پاکستان میں شرح سود خطے میں بلند ترین سطح پر ہے، اس صورتحال میں کیا اس میں کمی کے کوئی امکانات موجود ہیں؟

ریحان حنیف نے مشینری امپورٹ کرنے پر درپیش متعدد مسائل کا ذکر کرتے ہوئے ایک حالیہ بحران کی نشان دہی بھی کی۔ انہوں نے بتایا کہ ایران امریکا کشیدگی کے سبب کچھ بحری جہاز تحفظ کے لیے چابہار (ایران) پر لنگر انداز ہوئے تھے جہاں انہوں نے کوئی لوڈنگ یا ان لوڈنگ نہیں کی، لیکن جب یہ جہاز کراچی پہنچے تو ایران پر لگی پابندیوں کے سبب بینکوں نے انہیں سہولت فراہم کرنے سے انکار کر دیا۔ اس فیصلے کے باعث کراچی پورٹ پر ایسے ہزاروں کنٹینرز پھنس گئے یا پھر وہ جہاز مجبورا واپس چلے گئے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US