ٹرمپ اور نیتن یاہو سے مشابہت رکھنے والی بھینسیں سوشل میڈیا پر وائرل

image

بنگلادیش میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور اسرائیلی وزیرِ اعظم بنیامین نیتن یاہو سے مشابہت رکھنے والی دو بھینسیں سوشل میڈیا پر غیر معمولی توجہ حاصل کر رہی ہیں۔

عیدالاضحیٰ سے قبل دارالحکومت ڈھاکہ کے قریب واقع علاقے نارائن گنج میں موجود یہ نایاب البینو بھینسیں لوگوں کے لیے دلچسپی کا باعث بن گئی ہیں اور روزانہ بڑی تعداد میں شہری انہیں دیکھنے پہنچ رہے ہیں۔

ان میں سے ایک 700 کلو وزنی بھینس کی جلد گلابی جبکہ بال سنہرے رنگ کے ہیں۔ اس منفرد حلیے کی وجہ سے اس کا نام ڈونلڈ ٹرمپ رکھ دیا گیا ہے۔ بھینس کے مالک ضیاالدین مردھا کے مطابق لوگ دور دور سے اس بھینس کو دیکھنے اور اس کے ساتھ تصاویر بنانے کے لیے ان کے فارم کا رخ کر رہے ہیں۔

مالک نے میڈیا کو بتایا کہ یہ بھینس تقریباً دس ماہ قبل مویشی منڈی سے خریدی گئی تھی۔ ان کے مطابق ان کے چھوٹے بھائی نے بھینس کے سر پر موجود سنہرے بال دیکھ کر مذاق میں اس کا نام ڈونلڈ ٹرمپ رکھ دیا، جو بعد میں مشہور ہو گیا۔

اسی علاقے میں ایک اور بھینس بھی عوام کی توجہ حاصل کیے ہوئے ہے، جس کے بالوں اور آنکھوں کو اسرائیلی وزیرِ اعظم بنیامین نیتن یاہو سے مشابہ قرار دیا جا رہا ہے۔

رپورٹس کے مطابق اس بھینس کا وزن 750 کلوگرام سے زائد ہے اور اسے نسبتاً جارح مزاج بھی بتایا جا رہا ہے، جس کی وجہ سے لوگ اسے مزید دلچسپی سے دیکھ رہے ہیں۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US