خاتون کے ہاں 5 دن میں 4 بچوں کی پیدائش کا انوکھا واقعہ

image

بھارت کے شہر مراد آباد میں ایک خاتون کی غیر معمولی زچگی نے طبی ماہرین اور عام لوگوں دونوں کو حیران کر دیا، جہاں خاتون نے پانچ دنوں کے دوران چار بچوں کو جنم دیا۔ حیرت انگیز بات یہ ہے کہ تمام بچوں کی پیدائش نارمل ڈلیوری کے ذریعے ہوئی، جبکہ ایسے کیسز میں عموماً آپریشن کو زیادہ محفوظ سمجھا جاتا ہے۔

رپورٹس کے مطابق آمنہ نامی خاتون کا حمل ابتدا ہی سے پیچیدہ قرار دیا گیا تھا کیونکہ ان کے ہاں ایک ساتھ چار بچوں کی پیدائش متوقع تھی۔ عام طور پر جڑواں یا اس سے زائد بچوں کی پیدائش چند منٹوں یا گھنٹوں کے وقفے سے مکمل ہو جاتی ہے، لیکن اس کیس میں پہلا بچہ 9 مئی کو پیدا ہوا جبکہ باقی تین بچوں کی ولادت 14 مئی کو ہوئی، جس نے ڈاکٹروں کو بھی حیرت میں ڈال دیا۔

اسپتال انتظامیہ کے مطابق خاتون نے دو بیٹوں اور دو بیٹیوں کو جنم دیا ہے۔ تمام نومولود بچوں کو احتیاطی طبی نگرانی میں رکھا گیا ہے اور انہیں وینٹی لیٹر سپورٹ دی جا رہی ہے، تاہم ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ ماں اور بچوں کی حالت مستحکم ہے۔

میڈیکل ٹیم کی سربراہی کرنے والی ڈاکٹر شبھرا اگروال نے بتایا کہ اسپتال کی تاریخ میں یہ اپنی نوعیت کا پہلا واقعہ ہے جہاں چار بچوں کی پیدائش بغیر آپریشن کے ممکن ہوئی۔ ان کے مطابق مسلسل کئی دنوں تک جاری رہنے والا یہ ڈیلیوری عمل طبی لحاظ سے غیر معمولی تصور کیا جا رہا ہے۔

دوسری جانب یہ خبر سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو گئی جہاں صارفین نے حیرت کے ساتھ مختلف تبصرے کیے۔ کئی افراد نے اسے قدرت کی حیران کن مثال قرار دیا جبکہ بعض صارفین نے مزاحیہ انداز میں لکھا کہ ایک ہی بار میں دو بیٹے اور دو بیٹیاں پیدا ہونے سے خاندان مکمل ہوگیا۔

یہ واقعہ ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب بھارت میں شرح پیدائش میں کمی پر بحث جاری ہے۔ حال ہی میں آندھرا پردیش کے وزیر اعلیٰ چندر بابو نائیڈو نے زیادہ بچوں کی پیدائش کی حوصلہ افزائی کے لیے مالی امداد کا اعلان بھی کیا ہے، جس کے تحت تیسرے اور چوتھے بچے کی پیدائش پر خصوصی رقم دینے کی بات کی گئی ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US