کبھی کبھی لوگوں کے ساتھ پک جاتا ہوں، سلمان خان کی وضاحت

image

”میں اکیلا نہیں ہوں، میرے ساتھ میری فیملی اور اتنے چاہنے والے موجود ہیں۔ اگر میں یہ کہوں کہ میری زندگی میں کوئی نہیں تو یہ میرے لیے ناشکری ہوگی۔ کبھی کبھی بس انسان کا دل چاہتا ہے کہ تھوڑا وقت خود کے ساتھ گزارے، لیکن لوگوں نے میری بات کا مطلب کچھ اور ہی نکال لیا، یہاں تک کہ امی بھی پوچھنے لگیں کہ آخر ہوا کیا ہے۔“

سپر اسٹار سلمان خان نے سوشل میڈیا پر اپنی حالیہ پوسٹ کے بعد پیدا ہونے والی قیاس آرائیوں پر وضاحت دیتے ہوئے کہا ہے کہ ان کے الفاظ کو غلط انداز میں لیا گیا۔ اداکار کے مطابق وہ اپنی ذاتی زندگی میں تنہائی کا شکوہ نہیں کر رہے تھے بلکہ صرف انسان کی ذہنی کیفیت کے ایک پہلو کا ذکر کر رہے تھے۔

سلمان خان نے کہا کہ بعض اوقات مسلسل لوگوں کے درمیان رہتے ہوئے انسان خود کے لیے کچھ وقت نکالنا چاہتا ہے، لیکن اس کا مطلب یہ نہیں کہ وہ خود کو تنہا محسوس کر رہا ہو۔ ان کے مطابق وہ اپنے خاندان، دوستوں اور مداحوں کی محبت کو اپنی زندگی کی بڑی طاقت سمجھتے ہیں۔

چند روز قبل اداکار نے ایک تصویر کے ساتھ مختصر پیغام شیئر کیا تھا جس میں انہوں نے اکیلے رہنے اور تنہائی کے فرق پر بات کی تھی۔ اس پوسٹ کے بعد سوشل میڈیا پر مختلف تبصرے سامنے آئے اور کئی مداحوں نے اسے اداکار کی نجی زندگی اور ماضی کے رشتوں سے جوڑنا شروع کردیا۔

بعدازاں وضاحتی پیغام میں سلمان خان نے ہلکے انداز میں کہا کہ اس بار تو تصویر کو ہی بریکنگ نیوز بنا دیا گیا، یہاں تک کہ ان کی والدہ نے بھی فون کر کے خیریت دریافت کی۔

اداکار کی وضاحت کے بعد مداحوں نے ایک بار پھر ان کے لیے محبت بھرے پیغامات شیئر کیے۔ کئی صارفین نے ان کی شخصیت، سادگی اور عمر کے باوجود فٹنس کو سراہا، جبکہ بعض مداحوں نے کہا کہ شاید مشہور شخصیات کی معمولی باتیں بھی اکثر لوگوں کے لیے غیر معمولی خبر بن جاتی ہیں۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US