پاکستانی ٹی وی شخصیت اور سابق اینکر اقرار الحسن ایک بار پھر سوشل میڈیا پر موضوعِ بحث بن گئے ہیں، تاہم اس بار وجہ کوئی سیاسی بیان، بیرونِ ملک دورہ یا ایئرپورٹ تنازع نہیں بلکہ ان کی فٹنس ٹریننگ ہے۔
حال ہی میں اقرار الحسن کے ٹرینر نے جم کی ایک ویڈیو شیئر کی جس میں وہ چیسٹ ایکسرسائز کرتے دکھائی دیے۔ ویڈیو وائرل ہوتے ہی سوشل میڈیا صارفین نے ان کے استعمال کیے جانے والے ہلکے وزن پر تبصرے شروع کر دیے۔ کئی افراد نے مزاحیہ انداز اپنایا جبکہ کچھ صارفین نے انہیں تنقید کا نشانہ بھی بنایا۔
وائرل ردعمل کے بعد اقرار الحسن نے خود اس معاملے پر وضاحت پیش کی۔ انہوں نے کہا کہ ویڈیو انہوں نے نہیں بلکہ ان کے ٹرینر نے پوسٹ کی تھی۔ ان کے مطابق وہ ابھی فٹنس کے سفر کے آغاز میں ہیں، اس لیے زیادہ وزن اٹھانا ممکن نہیں، لیکن وہ تنقید کو منفی انداز میں نہیں لے رہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اب وہ اپنی جم ویڈیوز خود شیئر کریں گے تاکہ لوگوں کے ردعمل سے انہیں مزید حوصلہ اور بہتری کی تحریک مل سکے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہر شخص ابتدا کہیں نہ کہیں سے کرتا ہے اور وقت کے ساتھ بہتری آتی ہے۔
یاد رہے کہ اقرار الحسن گزشتہ کچھ عرصے سے نہ صرف اپنی پیشہ ورانہ سرگرمیوں بلکہ ذاتی زندگی اور سیاسی سفر کی وجہ سے بھی مسلسل خبروں میں رہتے ہیں، جبکہ ان کی تینوں اہلیہ بھی اکثر ان کے فیصلوں اور سرگرمیوں میں ان کا ساتھ دیتی دکھائی دیتی ہیں۔