ثناء یوسف قتل کیس میں اہم پیش رفت سامنے آگئی، اسلام آباد کی مقامی عدالت نے مرکزی ملزم عمر حیات کو جرم ثابت ہونے پر سزائے موت سنا دی۔
کیس کی سماعت اسلام آباد کی مقامی عدالت میں ہوئی جہاں جج محمد اضل مجوکہ نے محفوظ فیصلہ سنایا۔
عدالت نے ملزم عمر حیات کو سزائے موت کے ساتھ 10 سال قید اور 24 لاکھ روپے جرمانے کی سزا بھی سنائی۔ عدالت نے اپنے فیصلے میں قرار دیا کہ استغاثہ ملزم کے خلاف جرم ثابت کرنے میں کامیاب رہا۔
یاد رہے کہ ٹک ٹاکر ثناء یوسف کے قتل کے واقعے نے سوشل میڈیا اور عوامی حلقوں میں شدید ردعمل پیدا کیا تھا، جبکہ کیس کی سماعت گزشتہ کئی ماہ سے جاری تھی۔
دوسری جانب ٹک ٹاکر ثناء یوسف کی والدہ نے بیٹی کے قتل کیس سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ فیصلے سے مطمئن ہوں، اللّٰہ کا شکر ہے انصاف ہوا، تمام لوگوں کا بہت شکریہ جنہوں نے ہمارا ساتھ دیا۔