پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں طویل دباؤ کے بعد مندی کا تسلسل ٹوٹ گیا ہے اور مسلسل دوسرے روز بھی مارکیٹ میں تیزی کے رجحان میں زبردست اضافہ دیکھا گیا، جس سے مارکیٹ بتدریج مستحکم ہونا شروع ہو گئی ہے۔
دورانِ ٹریڈنگ سرمایہ کاروں کی جانب سے حصص کی خریداری میں گہری دلچسپی کے باعث کے ایس ای-100 انڈیکس میں دوران ٹریڈنگ 1700 سے زائد پوائنٹس کی تیزی دیکھی گئی۔ اس غیر معمولی تیزی کی بدولت مارکیٹ نے یکے بعد دیگرے 163000 اور 164000 پوائنٹس کی دو حدیں بحال کرلیں۔
مارکیٹ میں جاری اس مثبت پیش رفت کے دوران ہنڈریڈ انڈیکس کی 1730 پوائنٹس بڑھ کر 164626 پوائنٹس پر ٹریڈ کرتا ہوا دیکھا گیا۔
اسٹاک بروکرز کا کہنا ہے کہ طویل عرصے سے مارکیٹ پر چھایا ہوا دباؤ اب ختم ہو رہا ہے اور رواں ہفتے انڈیکس میں آنے والی یہ بتدریج بہتری آنے والے دنوں میں معاشی استحکام کی نوید ہے۔