لاڑکانہ پولیس نے گلوکارہ رخسانہ ماروی سے چھینی گئی نقدی اور موبائل فونز چند گھنٹوں کے اندر برآمد کرالیے۔
پولیس ترجمان کی جانب سے جاری کردہ ویڈیو میں گلوکارہ رخسانہ ماروی بروقت پولیس کارروائی، تعاون اور مسروقہ سامان کی واپسی پر ایس ایس پی لاڑکانہ احمد چوہدری اور ان کی ٹیم کا شکریہ ادا کر رہی ہیں۔
ترجمان کے مطابق پولیس نے محکمانہ مہارت سے چند گھنٹوں کے اندر واردات میں ملوث ملزمان کو بے نقاب کر دیا ہے اور ان کی گرفتاریوں کے لیے کارروائیاں جاری ہیں۔
دوسری جانب پولیس کی طرف سے مذکورہ واردات کرنے والے ملزمان کی گرفتاری ظاہر نہ کیے جانے پر سوال اٹھ رہا ہے کہ اگر ملزمان گرفتار کیے گئے تو انہیں ظاہر کیوں نہیں کیا گیا؟ اور اگر ملزمان گرفتار نہیں ہوئے مال کی واپسی کیسے ممکن ہوئی؟۔
واضح رہے کہ اس سے قبل پولیس کی سردمہری کی ایسی کئی مثالیں موجود ہیں جہاں ڈکیتوں کے ہاتھوں لٹنے والے شہریوں کی جانب سے ملزمان کی شناخت کے باوجود پولیس گرفتار ملزمان سے ریکوری کرانے میں ناکام رہی ہے اور متاثرین حصولِ انصاف کے لیے سالہا سال سے عدالتوں کے چکر لگا رہے ہیں۔