عیدالاضحیٰ پر ریلیز ہونے والی پاکستانی ہارر کامیڈی فلم زومبیڈ کی تشہیر اس وقت سوشل میڈیا پر غیر متوقع انداز میں توجہ حاصل کر رہی ہے لیکن اس بار وجہ فلم کے اداکار نہیں بلکہ رمضان چھیپا بن گئے ہیں۔
فلم والا پروڈکشنز کی آنے والی فلم زومبیڈ میں فہد مصطفیٰ اور مہوش حیات مرکزی کردار ادا کر رہے ہیں۔ فلم کو نبیل قریشی نے ڈائریکٹ کیا ہے جبکہ فضا علی مرزا اس کی پروڈیوسر ہیں۔
فلم کی تشہیری مہم کے دوران ٹیم نے رمضان چھیپا کے ساتھ ایک خصوصی پروموشنل ویڈیو بنائی، جس میں وہ اپنے مخصوص سبز لباس میں نظر آئے۔ ویڈیو میں وہ مزاحیہ انداز میں کہتے ہیں بیٹا، اپنا خیال رکھو، نشہ مت کرنا ورنہ زومبی بن جاؤ گے۔
ویڈیو سامنے آنے کے بعد سوشل میڈیا پر تبصروں کا طوفان آگیا۔ کئی صارفین نے اس اشتراک کو حیران کن قرار دیا جبکہ کچھ نے اسے غیر ضروری اور عجیب تعاون کہا۔ بعض افراد نے مزاحیہ انداز اپنایا تو کچھ نے کہا کہ رمضان چھیپا جیسے سماجی کارکن کو اس قسم کی تشہیر سے دور رہنا چاہیے۔
دوسری جانب کچھ صارفین نے رمضان چھیپا کا دفاع بھی کیا اور کہا کہ وہ صرف ایک تخلیقی پروموشن کا حصہ بنے ہیں اور اس میں کوئی برائی نہیں۔ بعض لوگوں کے مطابق اگر ویڈیو کو بہتر انداز میں پیش کیا جاتا تو ردعمل مختلف ہوسکتا تھا۔
واضح رہے کہ زومبیڈ پاکستانی سینما کی ان چند فلموں میں شامل ہے جو ہارر، رومانس اور کامیڈی کو ایک ساتھ پیش کرنے کی کوشش کر رہی ہیں جبکہ فلم کی منفرد تشہیری مہم مسلسل سوشل میڈیا پر گفتگو کا حصہ بنی ہوئی ہے۔