تیسری شادی کرنا چاہتے تھے، مومنہ اقبال کے وکلاء کا لیگی ایم پی اے پر الزام

image

اداکارہ مومنہ اقبال کو مبینہ طور پر ہراساں کیے جانے کے معاملے نے نیا رخ اختیار کرلیا ہے، جہاں کیس سے متعلق سامنے آنے والی تفصیلات نے سوشل میڈیا اور سیاسی حلقوں میں نئی بحث چھیڑ دی ہے۔

رپورٹس کے مطابق پاکستان مسلم لیگ (ن) سے تعلق رکھنے والے صوبائی اسمبلی کے رکن ثاقب چدھڑ کے خلاف اداکارہ کی جانب سے لگائے گئے الزامات کے بعد کیس کی سماعت نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی میں جاری ہے۔

اداکارہ مومنہ اقبال اپنے قانونی مشیروں کے ہمراہ تحقیقاتی ادارے کے دفتر پہنچیں جہاں انہوں نے مبینہ ہراسگی، دھمکیوں اور بلیک میلنگ سے متعلق شواہد جمع کروائے۔ بعد ازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اداکارہ کے وکلاء عدنان احسان اور رمشا اقبال نے دعویٰ کیا کہ مومنہ اقبال اور لیگی ایم پی اے کے درمیان 2022 اور 2023 کے دوران تعلقات موجود تھے اور ایم پی اے اداکارہ سے شادی کرنا چاہتے تھے۔

وکلاء کے مطابق سیاستدان کی جانب سے باقاعدہ رشتہ بھی بھجوایا گیا، تاہم بعد میں اداکارہ کو معلوم ہوا کہ وہ پہلے سے شادی شدہ ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ یہی حقیقت سامنے آنے کے بعد مومنہ اقبال نے اخلاقی وجوہات کی بنیاد پر تعلق ختم کرنے کا فیصلہ کیا۔

قانونی ٹیم نے مزید دعویٰ کیا کہ صورتحال اس وقت خراب ہوئی جب اداکارہ کی منگنی کسی اور جگہ طے پائی۔ وکلاء کے مطابق اس کے بعد مبینہ طور پر ہراسگی اور دباؤ ڈالنے کا سلسلہ شروع ہوا، جبکہ سیاسی اثر و رسوخ استعمال کرتے ہوئے اداکارہ کے منگیتر کے خلاف مقدمہ درج کروانے کی بھی کوشش کی گئی۔

اداکارہ کے وکلاء نے واضح کیا کہ تمام تر دباؤ کے باوجود مومنہ اقبال کی شادی یکم جون کو طے شدہ تاریخ پر ہی ہوگی۔ ان کا کہنا تھا کہ تمام ڈیجیٹل اور دستاویزی ثبوت متعلقہ حکام کے حوالے کر دیے گئے ہیں اور انہیں امید ہے کہ مکمل تحقیقات کے بعد انصاف فراہم کیا جائے گا۔

اس موقع پر اداکارہ اور ان کی قانونی ٹیم نے مریم نواز کا بھی شکریہ ادا کیا اور کہا کہ انہوں نے معاملے کا فوری نوٹس لے کر ایک خاتون فنکار کے تحفظ کے لیے اقدامات کی ہدایت کی۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US