شاید دوبارہ محبت نہ کرسکوں، مومنہ اقبال کی شادی کی تاریخ سامنے آگئی

image

”میں نے اپنی زندگی میں صرف ایک شخص سے محبت کی تھی، لیکن وہ بعد میں ایک ریڈ فلیگ ثابت ہوا۔ اب میرے پاس محبت کے لیے وقت نہیں ہے اور اس تجربے کے بعد شاید میں دوبارہ کبھی سچی محبت نہ کر سکوں۔ آپ کسی کو اپنی زندگی میں بہت خاص مقام دیتے ہیں، مگر پھر وہ اپنا اصل چہرہ دکھا دیتا ہے۔“

پاکستانی ڈرامہ انڈسٹری کی معروف اداکارہ مومنہ اقبال ایک بار پھر خبروں کی زینت بن گئی ہیں۔

“عہدِ وفا” میں معصوم کردار ہو یا “دو کنارے” میں منفی کردار، مومنہ اقبال نے اپنی جاندار اداکاری اور خوبصورتی سے ناظرین کے دل جیتے۔ یہی وجہ ہے کہ وہ آج ڈرامہ انڈسٹری کی مقبول ترین اداکاراؤں میں شمار ہوتی ہیں۔ تاہم حالیہ دنوں میں ان کی نجی زندگی اچانک توجہ کا مرکز بن گئی جب انہوں نے انسٹاگرام پر دعویٰ کیا کہ مسلم لیگ ن کے ایک ایم پی اے انہیں مبینہ طور پر دھمکیاں دے رہے ہیں اور ان کی شادی خراب کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔

بعد ازاں اس سیاستدان کی شناخت چوہدری ثاقب چدھڑ کے نام سے سامنے آئی، جن کی جانب سے یہ دعویٰ کیا گیا کہ ان کا مومنہ اقبال کے ساتھ قریبی تعلق رہا اور اداکارہ نے ان سے لاکھوں روپے کے تحائف وصول کیے۔ اس تنازع کے بعد اب مومنہ اقبال کا ایک پرانا انٹرویو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہا ہے، جس میں وہ اپنی ناکام محبت کے بارے میں کھل کر بات کرتی دکھائی دے رہی ہیں۔

وائرل کلپ میں مومنہ اقبال نے اعتراف کیا تھا کہ انہوں نے زندگی میں صرف ایک بار محبت کی، مگر وہ شخص بعد میں ان کے لیے شدید مایوسی کا باعث بنا۔ اداکارہ کے مطابق اس تجربے نے ان کی محبت سے متعلق سوچ بدل دی اور اب وہ دوبارہ کسی پر آسانی سے بھروسہ نہیں کر سکتیں۔

دوسری طرف مومنہ کی بہن جو وکیل ہیں اور ان کا کیس لڑ رہی ہیں ان کا کہنا ہے کہ مومنہ اقبال کی شادی محمد حمزہ حبیبی سے ہو رہی ہے اور یکم جون کو ان کا نکاح طے ہے۔ یہ ارینج میرج ہے اور حمزہ ہمارا رشتہ دار نہیں۔ حمزہ کو بھی دھمکیاں دی گئیں جبکہ مومنہ اقبال کے سسرال والوں کو بھی دھمکیاں موصول ہوئیں۔

سوشل میڈیا صارفین اب مومنہ کے پرانے بیان کو حالیہ تنازع سے جوڑ رہے ہیں اور مختلف قیاس آرائیاں کر رہے ہیں۔ کچھ لوگ مومنہ اقبال کے حق میں آواز اٹھا رہے ہیں جبکہ بعض صارفین اس پورے معاملے کو مزید پیچیدہ قرار دے رہے ہیں۔

اداکارہ کی شادی، سیاسی شخصیت کے الزامات اور اب وائرل ہونے والے پرانے انٹرویو نے اس معاملے کو شوبز انڈسٹری کی سب سے زیادہ زیرِ بحث کہانیوں میں شامل کر دیا ہے، جبکہ مداح اب بھی اصل حقیقت سامنے آنے کا انتظار کر رہے ہیں۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US